• news

برطانیہ میں مشرف کا بنک اکائونٹ منجمد، تحقیقات شروع، بنک منیجر سے بھی پوچھ گچھ، نجی ٹی وی کا دعویٰ

لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ کی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے سابق صدر پرویز مشرف کے بینک اکائونٹ کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہے۔ مشرف پر الزام ہے کہ انہوں نے حقائق چھپا کر اور غلط بیانی کرکے ایچ ایس بی سی میں بینک اکائونٹ کھولا۔ نجی ٹی وی کے مطابق تفتیشی ادارے نے پرویز مشرف کا بینک اکائونٹ منجمد کردیا ہے۔ حکام نے اکائونٹ کھولنے والے سری لنکن نژاد بینک منیجر کے خلاف بھی تحقیقات شروع کردی ہے۔ مشرف کے لندن میں بینک اکائونٹ کا ریکارڈ بھی تحقیقاتی اداروں نے قبضہ میں لے لیا ہے۔ سابق صدر نے اکائونٹ کھلواتے ہوئے نہیں بتایا تھا کہ وہ پاکستان کے سابق صدر ہیں۔ برطانیہ میں غیر ملکیوں کو بینک اکائونٹ کے لئے بتانا لازمی ہے کہ ان کے ملک میں ان کی اصل شناخت کیا ہے۔ برطانیہ میں بینک اکائونٹ کھلوانے کی اسی شق کے تحت لیبیا کے سابق صدر معمر قذافی اور سابق مصری صدر حسنی مبارک کے بینک اکائونٹس کو بھی ضبط کیا گیا تھا۔ اس بینک اکائونٹ کے ذریعے پرویز مشرف نے تین سال میں 70 لاکھ پائونڈ کی ٹرانزیکشنز کیں جس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت قریباً ایک ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن