معروف شاعر حبیب جالب کی بیوہ ممتاز بی بی انتقال کر گئیں‘شہبازشریف عمران، الطاف، چودھری سرور کا اظہار تعزیت
لاہور ( سٹی رپورٹر) معروف انقلابی شاعر حبیب جالب کی بیوہ ممتاز بی بی انتقال کر گئیں جنہیں نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد شوہر کے پہلو میں سپردخاک کر دیا گیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر نے حبیب جالب کی بیوہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انقلابی شاعر حبیب جالب کی بیوہ ممتاز بی بی کو دل کا عارضہ لاحق تھا اور وہ کچھ عرصہ سے ہسپتال میں زیرعلاج تھیں جہاں وہ گذشتہ روز 79برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ بتایا گیا ہے کہ ممتاز بی بی کو اس سے قبل بھی دو ہارٹ اٹیک ہو چکے تھے جبکہ تیسرے دل کے دورے میں وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد مرحومہ کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے ان کی رہائش گاہ پر گئے۔ بعدازاں مرحومہ کو نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد شاہ فرید قبرستان سبزہ زار میں حبیب جالب کے پہلو میں سپردخاک کر دیا گیا۔ مرحومہ کے سوگواران میں چار بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔دریں اثناء شہباز شریف نے حبیب جالب مرحوم کی بیوہ ممتاز بیگم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے۔ علاوہ ازیں (ق) لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی، چودھری وجاہت حسین اور مونس الٰہی نے بھی حبیب جالب کی بیوہ کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن راجہ انور نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔