• news
  • image

پرانی انارکلی : بھتہ دینے سے انکار پر فائرنگ، تاجر زخمی، دکانداروں کا احتجاج

پرانی انارکلی : بھتہ دینے سے انکار پر فائرنگ، تاجر زخمی، دکانداروں کا احتجاج

لاہور(نامہ نگار) پرانی انارکلی میں بھتہ خوروںنے بھتہ نہ دینے پر تاجر کی دکان پر فائرنگ کر دی جس کی زد مےں آ کر 30سالہ تاجر زخمی ہو گیا ۔اس واقعہ پر تاجروں نے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔بتایا جاتا ہے کہ پرانی انارکلی میں گارمنٹس کا کاروبار کرنے والے شاہ دین نامی تاجر سے ساجد نامی بھتہ خور گزشتہ چند روز سے مبینہ طور پر بھتہ طلب کر رہا تھا بھتہ نہ دینے کی صورت میں اس کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جا رہی تھیں۔ مقامی تاجر وں کا کہنا ہے کہ انہوں نے تھانہ پرانی انارکلی میں کارروائی کے لئے درخواست بھی دی مگر پولیس نے اس پر کوئی کارروائی نہ کی۔ گزشتہ روز ساجد نامی بھتہ خور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شاہ دین کی دکان پر پہنچ گیا اور بھتہ طلب کیا جس پر ان کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی تو ساجد نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ملکر فائرنگ کر دی جس سے شاہ دین فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہو گیا۔ زخمی تاجر کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ اس واقعہ پر مقامی تاجروں نے پولیس کے خلاف بازار میں شدید احتجاج کیا اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اطلاع ملنے پر ایس پی سول لائن سرفراز ورک موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے ساجد اور اس کے ساتھیوں کے خلاف تھانہ پرانی انار کلی میںفائرنگ کا مقدمہ درج کرا دیا۔ تاجروں نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف بھتہ خوری ایکٹ کا مقدمہ درج کرنے کی بجائے لڑائی جھگڑے کا درج کیا ہے۔ مزید برآں نولکھا کے علاقہ میں بلال نامی تاجر کی برانڈرتھ روڈ پر دکان ہے وہ اپنی دکان کے باہر کھڑا تھا کہ دو موٹرسائیکل سواروں نے تلخ کلامی پر فائرنگ کر دی جس میں وہ بال بال بچ گیا جبکہ موٹرسائیکل سوار فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن