روسی حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان تجارتی تنازعات کے حل کیلئے سہولت دینے پر تیار ہیں : وزیر خزانہ
روسی حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان تجارتی تنازعات کے حل کیلئے سہولت دینے پر تیار ہیں : وزیر خزانہ
اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے روس کے ساتھ تجارت سے متعلق پندرہ سال سے جاری مالی تنازعات حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ وہ اسلام آباد میں وزیراعظم کی طرف سے تشکیل کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں پاکستان اور روس کے درمیان دیرینہ تجارتی مسائل کے حل پر غور کیا گیا۔ وزیرخزانہ نے کہا ان مسائل کے حل میں پیش رفت سے دونوں ملکوں کے لئے سازگار صورتحال پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا ان تنازعات کے حل سے روسی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے مثبت اشارے ملیں گے اور پاکستان وسائل سے مالا مال وسط ایشیائی ممالک میں موجود تجارتی مواقع سے استفادہ کرنے کے لئے سازگار پوزیشن میں آ جائے گا۔ سیکرٹری تجارت کی صدارت میں ایک ذیلی کمیٹی قائم کی گئی جو تمام فریقوں سے بامقصد بات چیت کے بعد ایک ہفتے میں اپنی تجاویز پیش کرے گی۔ این این آئی کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا روسی حکومت اور پاکستان کی کاروباری برادری کے درمیان مالی دعووں کے حل میں سہولت دینے کیلئے تیار ہیں، روس کے ساتھ تجارت سے متعلق 16سالہ پرانے مالی تنازعات حل ہو جائیں تو دوطرفہ تجارتی تعلقات کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی۔آئی این پی کے مطابق پاکستان روس 15 سال پرانے تجارتی تنازعہ کے حل کیلئے سیکرٹری تجارت قاسم نیاز کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی گئی جو فریقین سے مل کر تنازعہ کو حل کرے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا 15 سال پرانے تجارتی تنازعہ کے حل سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا اور روسی سرمایہ کاری بھی پاکستان میں آئے گی۔ اس تنازعہ کو حل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان روس تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کےلئے 15 سال پرانے تجارتی تنازعہ کا حل ضروری ہے جبکہ اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا۔ وزیر خزانہ نے کہا پاکستان اور روس کی باہمی تجارت کو مذکورہ تنازعہ نے یرغمال بنا رکھا ہے جبکہ اب ا س کوختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا ہم اس تنازعہ کو حل کرنے میں مخلص ہیں جبکہ اس کے نتیجے میں دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا وہیں روسی سرمایہ کاری بھی پاکستان میں آئے گی۔
وزیر خزانہ