• news

مشرف غدار ہیں تو مسلم لیگ (ن) کے وزراءنے ان سے حلف کیوں لیا؟: پرویزالٰہی

مشرف غدار ہیں تو مسلم لیگ (ن) کے وزراءنے ان سے حلف کیوں لیا؟: پرویزالٰہی

لاہور (خصوصی رپورٹر) (ق) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پرویزمشرف کو غدار کہنا اچھی روایت نہیں ہے، آرمی چیف غدار نہیں ہو سکتا، پرویز مشرف اگر ان کے بقول غدار ہیں تو مسلم لیگ (ن)کے وزراءنے ان سے حلف کیوں لیا؟ کیا کبھی کسی غدار سے حلف لیا جاتا ہے، جب ان کا اپنا لالچ ہو تو سب ٹھیک، انہی پرویز مشرف نے دو بار عام انتخابات کرائے اور اِن سب نے اُن میں حصہ لیا۔ اپنی رہائش گاہ پر جماعت اسلامی پاکستان کے سابق سربراہ قاضی حسین احمد کی برسی پر سوالات کے جواب دےتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قاضی حسین احمد اعلیٰ پایہ کے سیاستدان، عالمی سطح کے مدبر اور نہایت دور اندیش تھے، پورے عالم اسلام میں ان کی بات کو بہت اہمیت دی جاتی تھی اور عالمی اسلامی رہنماﺅں سے ان کے ذاتی تعلقات تھے، اللہ ان کے درجات بلند کرے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن دور دور تک ہوتے نظر نہیں آتے، سات، آٹھ ماہ سے عوام کو خراب کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ (ن)کے ارکان اسمبلی اپنی پسند، ناپسند اور مرضی کے مطابق حلقہ بندی کر رہے تھے اس لئے فاضل عدالت کا فیصلہ درست ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے بیان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں جو قرارداد پیش کی گئی ہے۔ ق لیگ اس کا حصہ نہیں ہے ہم نے جنوبی پنجاب صوبہ کی حمایت کی تھی اور اس کیلئے کام شروع کیا تھا جبکہ ن لیگ نے بہاولپور صوبہ کی سپورٹ کی مگر اس نے ابھی تک اس سلسلہ میں کچھ نہیں کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا حکومت کو چاہئے کہ اپنی تمام تر توجہ مہنگائی، بجلی، گیس اور دیگر عوامی مسائل پر دے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے تحت فروری میں بجلی مزید مہنگی کی جا رہی ہے جبکہ مینار پاکستان کے سائے تلے شہباز شریف نے ٹینٹ لگا کر کہا تھا کہ بجلی کا مسئلہ 6 ماہ میں حل کر دوں گا کیا ابھی 6 ماہ نہیں ہوئے؟ جبکہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان کی توجہ ادھر ا±دھر ہٹانا چاہتی ہے۔
پرویزالٰہی

ای پیپر-دی نیشن