وفاقی وزیر داخلہ کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، ملک کی مجموعی صورتحال پر غور
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ وفاقی وزیر داخلہ نے عید میلادالنبی ؐ پر ملک بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے راولپنڈی اسلام آباد میں رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے بالخصوص معلومات کے تبادلے، مشترکہ گشت اور ممکنہ طور پر غیرمستحکم علاقے کی شناخت اور سکیورٹی پر توجہ دی جائے۔ اجلاس میں وزارت داخلہ اور اس ذیلی اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے اسلام آباد انتظامیہ اور وفاقی پولیس کو ہدایات جاری کیں وفاقی دارالحکومت کے مکینوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے وفاقی سکیورٹی ایجنسیوں اور صوبائی حکام کمے درمیان بھی کوآرڈینیشن بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر ملک بھر میں امن و امان کو یقینی بنایا جائے۔وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو حکم دیا غیر مجاز شخصیات کے ساتھ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر واپس بلا کر مین سٹریم پولیسنگ میں ان کو شامل کیا جائے اور اسلام آباد پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔