الطاف حسین کے بیانات لندن پلان کے مقاصد واضح کررہے ہیں: مولانا حیدری
لاہور+ کراچی+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ ایجنسیاں) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان پر مختلف سیاسی رہنمائوں نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ جے یو آئی (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ الطاف حسین بھائی اپنے بیان کے دوسرے روز یو ٹرن لیا کرتے ہیں، گذشتہ روز کا بیان بھی اسے واضح کرتا ہے۔ الطاف حسین کے بیانات لندن پلان کے مقاصد کو واضح کر رہے ہیں، لسانی بنیادوں پر صوبوں کی تقسیم کی ایسی سازشوں کو جے یو آئی کامیاب نہیں ہونے دیگی۔ مولانا حیدری پارٹی وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مولانا محمد امجد خان، مولانا رشید احمد لدھیانوی، مفتی ابرار احمد، نور احمد کاکڑ، قاری ثناء اللہ اور دیگر موجود تھے۔ مولانا حیدری نے کہا کہ الطاف حسین بے وقت کے راگ الاپ رہے ہیں۔ کوئی محبت وطن لسانی بنیادوں پر صوبوں کے قیام کی حمایت نہیں کرسکتا۔ لسانی بنیادوں پر صوبے کا مطالبہ ملک کی بنیادیں ہلانے کے مترادف ہے۔ پرویز مشرف کے معاملے پر ملک افواہوں کی زد میں ہے۔ فیصلہ عدالت میں ہے انہیں عدالت کا سامنا کرنا چاہئے۔ امن کے قیام کیلئے کوششوں کے راستے میں ملک بین الاقوامی دبائو کا شکار ہے جے یو آئی (ف) امن قیام کیلئے اپنی کوششوں کو جاری رکھے گی۔ ملک سے مہنگائی کے خاتمے کیلئے مسلم لیگ (ن)، آئی ایم ایف کی ہدایت کے بجائے اپنے منشور پر عمل کرے۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ الطاف حسین لندن میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل ، منی لانڈرنگ کیس ، ایم کیو ایم میں اندرونی شدید اختلافات سے پریشان اور دبائو میں تو تھے ہی لیکن اب یہ امکانات پیدا ہوگئے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوسکتے ہیں ۔ الطاف حسین کو ٹھپہ اور جعلی مینڈیٹ کا موقع نہیں ملے گا اسی لئے سندھ ، پاکستان اور جماعت اسلامی پر حملہ آور ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کا لندن سے ہر خطاب انہیں بے نقاب اور ایم کیو ایم کو غیرمقبول کر رہا ہے۔ کراچی کے عوام باشعور اور محب دین و وطن ہیں۔ عوام امن چاہتے ہیں قاتلوں، بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ بنگلہ دیش کے عوام نے جعلی انتخابات کے نام پر بھارتی سازش اور حسینہ واجد کے فاشزم کو شکست دے دی ہے۔ بنگلہ دیش میں انتخابات ڈھونگ اور جمہوریت کے نام پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔ بنگلہ دیش کو مارشل لاء اور بھارتی بیرونی جارحیت سے بچانے کیلئے عالمی برادری کردار ادا کرے۔ عبدالقادر ملا کو پھانسی دینا حسینہ واجد حکومت کی فاش غلطی تھی ۔ بنگلہ دیشی عوام شیخ مجیب الرحمن کی طرح اسکی بیٹی کو بھی عبرت بناسکتے ہیں۔ سینئر وزیر خیبر پی کے اور نائب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے الطاف حسین کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو شہری نمبر 1 اور نمبر 2 میں تقسیم کر کے پاک دھرتی پر ایک اور سانحہ کیلئے راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ الطاف حسین کا الگ صوبے کا مطالبہ پاکستان توڑنے کی سازش اور ملک کیلئے زہر قاتل ہے۔ الطاف حسین نے امیر جماعت اسلامی منور حسن اور میرا نام لے کر عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ پاکستان کی سالمیت اور تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور عبدالقادر ملا کی شہادت اسکا زندہ ثبوت ہے۔