رواں سال زرمبادلہ کے ذخائر 10بلین ڈالر بڑھانے کا منصوبہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان نے رواں کیلنڈر سال میں زرمبادلہ کے ذخائر میں 10 بلین ڈالر بڑھانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس سلسلے میں جاریکردہ تفصیل کے مطابق عالمی بینک سے ایک بلین ڈالر ملنے کی توقع ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک 400 ملین ڈالر دیگا۔ کمرشل بینکوں سے 425 ملین ڈالر حاصل ہوں گے۔ اسلامی ترقیاتی بینک 730 ملین ڈالر دیگا۔ عالمی روپیہ بانڈ کے اجراء سے ایک بلین ڈالر حاصل کئے جائیں گے۔ یورو بانڈ جاری کیا جائیگا جس سے ایک بلین ڈالر ملنے کی توقع ہے۔ ترسیلات بھیجنے کے حوالے سے الگ بانڈ جاری کیا جائیگا جس سے ایک بلین ڈالر ملیں گے۔ سرکاری تحویل کے کاروباری اداروں کے شیئرز کی فروخت سے ایک بلین ڈالر حاصل ہونے کی توقع ہے۔ اتصالات سے 800 ملین ڈالر اور سپیکٹرم لائسنس کی فروخت سے 1.2 بلین ڈالر حاصل ہونے کی توقع ہے۔ کولیشن سپورٹ فنڈ سے 1.54 بلین ڈالر کے حصول کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سرکاری تفصیل میں بتایا گیا ہے کہ عام طورپر پیش گوئی کی جارہی تھی کہ پاکستان رواں سال کے ابتدائی ایام میںڈیفالٹ کرجائیگا۔ اس سلسلے میں ایک آپشن یہ تھا کہ ڈیفالٹ کا اعلان کردیا جائے اور پیرس کلب سے رجوع کیا جائے۔ اسکے نتائج سنگین تھے، عالمی بینک اور ترقیاتی پارٹنرز کا تعاون ختم ہو جاتا اور ترقیاتی منصوبے ختم ہوجاتے اسلئے آئی ایم ایف کا راستہ اختیار کیا گیا۔آئی ایم ایف پروگرام مسلم لیگ کے منشور کے عین مطابق ہے۔