پاکستان اور کینیڈا میں معاشی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات موجود ہیں تاہم دونوں ملکوں کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ کینیڈا سماجی شعبوں خصوصاً تعلیم کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ کینیڈا کو ہائیڈل پاور جنریشن میں مہارت اور تجربہ حاصل ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہائیڈل پاور جنریشن کے حوالے سے کینیڈا کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز کینیڈا کی سینیٹرز اور رکن پارلیمنٹ پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گذشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے کینیڈین وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران کے باعث زندگی کا ہر شعبہ متاثر ہوا ہے، موجودہ حکومت توانائی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ چین کے تعاون سے کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے جبکہ حکومت ہائیڈل پاور جنریشن کے منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے، پاکستان میں ہائیڈل پاور جنریشن کے وسیع مواقع موجود ہیں اور کینیڈا کے سرمایہ کار ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ کینیڈا ہائیڈل پاور جنریشن کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا جائزہ لے اور اس ضمن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبے شروع کئے جا سکتے ہیں۔ حکومت توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خصوصی مراعات اور سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ توانائی کے حصول کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا یہی وجہ ہے کہ حکومت کی پوری توجہ توانائی، توانائی اور صرف توانائی پر مرکوز ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے پولیس کو جدید تربیت اور اسلحہ سے لیس کیا جا رہا ہے۔ اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے منصوبے پر کام جاری ہے اور یہ منصوبہ رواں سال مکمل کر لیا جائے گا اور ابتدائی طور پر لاہور شہر میں ڈیجیٹل کیمرے لگائے جائیں گے جس سے جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ اس منصوبے کو مرحلہ وار پورے صوبے تک پھیلایا جائے گا، امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے حکومت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہی ہے اور پولیس کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ کینیڈا کی جانب سے پولیس کو جدید تربیت دینے کیلئے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ اس موقع پر کینیڈین وفد نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہائیڈل پاور جنریشن کے منصوبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ پولیس کو جدید تربیت دینے کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔بین الاقوامی سطح پر بھی وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی انتھک کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے پاکستان ٹائمز کے سابق نیوز ایڈیٹر محمد یعقوب شیخ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔