میرا میری بہو ہے، نکاح 31 اکتوبر کو ہوا تھا راجہ خالد کا دعویٰ ‘ نوید سے تنہا ملاقات نہیں ہوئی، انٹرنیٹ پرویڈیو جعلی ہے:اداکارہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ میری جعلی ویڈیو انٹرنیٹ پر جاری کی گئی ہے۔ کیپٹن نوید سے میری کبھی تنہائی میں ملاقات نہیں ہوئی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگ میرے فین ہیں، نوید بھی ان میں سے ایک ہیں۔ ہسپتال کے منصوبے کو ناکام کرنے کیلئے یہ سازش کی جا رہی ہے۔ گورنر پنجاب اور حمزہ شہباز سے ہسپتال کے حوالے سے میری ملاقاتوں سے کچھ لوگ جلتے ہیں، کچھ بھی ہو ہسپتال لازمی بناؤں گی۔ دوسری طرف اداکارہ میرا کی کیپٹن نوید سے شادی کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کیپٹن نوید خالد کے والد راجہ خالد پرویز نے دعویٰ کیا ہے کہ میرے بیٹے کیپٹن نوید سے میرا کا نکاح ہو چکا ہے، نکاح 31 اکتوبر 2013ء کو نیویارک میں ہوا تھا۔ میرا ہمارے گھر کی بہو ہے۔ اسی سال رخصتی کی رسم ہو جائے گی۔ صحافی نے میرا سے سوال کیا کہ آپ کا نکاح کیپٹن نوید سے ہو چکا ہے، میرا نے جواب دیا کہ میں اس حوالے سے کوئی بات نہیں کرنا چاہتی۔ میری شخصیت کو خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، اگر مجھے تنگ کیا گیا تو میں پاکستان چھوڑ دوں گی اور دبئی چلی جاؤں گی۔ آج کل ٹیکنالوجی کا دور ہے، ہو سکتا ہے کسی نے میرا ماسک پہنا ہو۔ کبھی کوئی غلط کام نہیں کیا اس لئے ڈر نہیں۔ جس دور میں دھوم تھری بن سکتی ہے وہاں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔