خیبر پی کے: وفاق سے پیسکو معاملات طے کرنے کیلئے 6 رکنی کمیٹی قائم، جماعت اسلامی کا عدم اعتماد
پشاور (ا این این + اے پی اے) خیبر پی کے حکومت نے وفاق سے پیسکو کے معاملات طے کرنے کے لئے صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی بنادی تاہم اتحادی پارٹی جماعت اسلامی نے کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ پریس کانفرنس میں شاہ فرمان نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت بھی فوری طور پر کمیٹی تشکیل دے تاکہ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھایا جاسکے۔ وفاقی حکومت بجلی چوری اور بدعنوانی کے خاتمے میں ناکام ہو گئی، پیسکو اور واپڈا اہلکار صنعتوں کو بجلی دے رہے ہیں اور بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے، ہمیں متحد ہونا ہوگا، اگر ہمارے مطالبات مانے گئے توعوام کو سستی بجلی فراہم کریں گے۔ دوسری جانب خیبر پی کے کے سینئر وزیر اور جماعت اسلامی کے رہنما سراج الحق نے نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیسکو کے معاملات کے حوالے سے وفاقی حکومت سے مذاکرات کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی پر اتحادیوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیسکو کا خیبر پی کے حکومت کو کنٹرول عوام کے مفاد کیلئے ہونا چاہئے اور تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو جماعت اسلامی اور دیگر اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کمیٹی تشکیل دینی چاہئے تھی۔