• news

لاہور : لاکھوں کی وارداتیں، گوجرانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، ڈاکو ہلاک

لاہور+گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں مختلف وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون، گاڑیاں ، موٹرسائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ گوجرانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوئوںنے غازی آباد کے علاقہ میں اسلحہ کے زور پر ادریس اور اس کی فیملی سے 9 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات ا ور موبائل فون لوٹ لئے جبکہ ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر ادریس کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور فرار ہو گئے۔نشتر کالونی کے علاقہ میں اویس اور اس کی فیملی سے اسلحہ کے زور پر 8، لٹن روڈ کے علاقہ میں ارشد اور اس کی فیملی  7لاکھ، ملت پارک کے علاقہ میں یوسف اور اس کی فیملی سے 5لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات اورموبائل فون لوٹ لئے ۔ڈاکوؤں نے ٹائون شپ کے علاقہ میں کار سوار ظہیرسے 10لاکھ روپے اور موبائل فون ،گڑھی شاہو کے علاقہ میں شہزاد سے 5لاکھ روپے اور موبائل فون،اسلام پورہ میں وقار سے 4لاکھ روپے اور موبائل فون ، شیرا کوٹ میں خالد سے 2لاکھ روپے اور موبائل فون،ماڈل ٹائون میں  شہریار سے 95ہزار اور موبائل فون ،ہربنس پورہ میں شاہد سے 85ہزار اور موبائل فون ،فیکٹری ایریا میںیونس سے 80ہزار اور موبائل فون،شمالی چھائونی میں طفیل سے 70ہزار اور موبائل فون ،،غازی آباد میں سکیورٹی گارڈ سے 70ہزار روپے مالیت کا اسلحہ اور موبائل فون ،لیاقت آباد میں نعمان سے 60ہزار روپے اور موبائل فون،غالب مارکیٹ میں ڈاکٹر شکیل سے 50ہزار روپے اور موبائل فون ،نشتر کالونی میں صابر سے 40ہزار روپے اور موبائل فون ،ستو کتلہ میں رشیدہ سے 25ہزار روپے اور موبائل فون،با غبانپورہ میں عدنان سے 20ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا گیا۔سول لائن کے علاقہ میں چوروں نے مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین راجہ حامد ریاض کے سٹورکی چھت سے کھڑکی توڑ اندر داخل ہو کر 6لاکھ روپے نقدی اور 5لاکھ روپے کے گارمنٹس ، جوتے اور دیگر سامان چوری کر لیا۔ چوروں نے نواں کوٹ میں ایک دکان سے 7 لاکھ روپے،کاہنہ میں ایک دکان سے 4لاکھ کا سامان چوری کرلیا۔چوروں نے گارڈن ٹاؤن سے تنویر، شمالی چھائونی سے فوزیہ ،فیکٹری ایریا سے علی،،قلعہ گجر سنگھ سے جمال کی کاریں جبکہ فیکٹری ایریا سے آصف اور عدنان ،شالیمار سے نعیم ،ٹبی سٹی سے شاہد،اسلام پورہ سے شاہد،گلشن اقبال سے عرفان، اقبال ٹائون سے نعیم، جنوبی چھائونی سے ارشد،باغبانپورہ سے آصف کی موٹرسائیکلیں چوری کر لیں۔ادھر گوجرانوالہ میں سی آئی اے سٹاف پولیس نے پیپلز کالونی کے علاقہ میں واقع دربار کالا مہر کے قریب ناکہ لگا رکھا تھا کہ اس دوران اہلکاروں نے موٹرسائیکل سوار تین افراد کو چیکنگ کیلئے رکنے کا اشارہ کیا مگر انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے موٹرسائیکل بھگادی جس پر پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا اور انہیں رکنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی جبکہ پولیس کے مطابق حسن ٹائون کے قریب ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے شدید زخمی حالت میں موقع پر دم توڑ گیا اور اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکل وہیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کا نام آصف ہے۔ اس نے دو ماہ قبل دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر فیصل چاند ایڈووکیٹ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ۔ادھر ڈسٹرکٹ ہسپتال میں آصف کے ورثاء نے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ آصف بے گناہ تھا جسے پولیس نے دسمبر میں گرفتار کیا تھا۔ مانگامنڈی سے نامہ نگار کے مطابق 4 ڈاکو مانگامنڈی ہسپتال روڈ پر ڈاکٹر غلام رسول کے گھر میں گھس گئے اور مزاحمت کرنے پر اس کی بیوی شفقت بی بی کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا اور اہلخانہ سے 15لاکھ کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن