• news

پاک فوج کا مشرف کے خلاف غداری کیس سے تعلق ہے نہ مداخلت کی جا رہی ہے : سیکرٹری دفاع

اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی) سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک نے کہا ہے کہ آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا شمار دنیا کے بہترین امراض قلب کے ہسپتالوں میں کیا جاتا ہے‘ اے ایف آئی سی میں غیرملکی سفیر اور باہر سے آکر بھی لوگ اپنا علاج کراتے ہیں‘ سابق آرمی چیف کے خلاف عدالت میں زیرسماعت مقدمہ سے فوج کا کوئی تعلق ہے نہ وہ مشرف کی حمایت کر رہی ہے نہ ہی خصوصی عدالت کے ججوں میں کوئی فوجی ہے۔ وہ پارلیمنٹ ہائوس میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ خصوصی عدالت میں سابق صدر کے خلاف زیر سماعت مقدمہ کے بارے میں سوالات پر سیکرٹری دفاع نے کہا کہ آرٹیکل 6کے تحت یہ مقدمہ خصوصی عدالت میں زیر سماعت ہے اور اس سے پاک فوج کا کوئی تعلق نہیں۔ یہ سراسر ایک عدالتی معاملہ ہے جو عدالت میں ہی چل رہا ہے۔ وہاں کوئی فوجی موجود نہیں، فوج کی حمائت کہاں نظر آتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوج کی طرف سے مشرف کے خلاف اس مقدمہ کے دوران کسی طرح کی کوئی مداخلت نہیں کی جا رہی۔ ایک اور سوال پر سیکرٹری دفاع نے کہا کہ نہ تو پاک فوج کو پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس سے کوئی دلچسپی ہے اور نہ ہی خصوصی عدالت کے ججوں میں کوئی فوجی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن