کرم ایجنسی : بم دھماکے میں سات افراد زخمی‘ مینگورہ پشاور میں فائرنگ بینک مینجر سمیت دو جاں بحق
کرم ایجنسی : بم دھماکے میں سات افراد زخمی‘ مینگورہ پشاور میں فائرنگ بینک مینجر سمیت دو جاں بحق
کرم ایجنسی+ مینگورہ+ پشاور (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) لوئر کرم ایجنسی کے علاقے صدا کی فروٹ مارکیٹ میں بم دھماکے سے 7 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو صدا ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دھماکہ خیز مواد فروٹ مارکیٹ میں نصب کیا گیا تھا۔ ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں تاہم کسی شدت پسند گروپ کی جانب سے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی جبکہ مینگورہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے یونین کونسل کا سابق نائب ناظم جبکہ پشاور کے صرافہ بازار میں بھی فائرنگ سے نجی بنک کا مینجر دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق مینگورہ کے علاقے شاہ درا میں شاہ زمان اپنی دکان میں بیٹھا ہوا تھا کہ نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے شاہ زمان شدید زخمی ہو گیا۔ انہیں سیدو شریف ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ادھر پشاور کے صرافہ بازار میں نجی بنک کے منیجر کو بنک سے نکلتے ہوئے نامعلوم افراد نے گولیاں مار دیں۔ ادھر ہنگوکے علاقہ بہادر بانڈہ میں گھر کے باہر بارودی مواد کے دھماکے سے گھر اور ایک دکان کو کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کرم ایجنسی دھماکہ