سیکرٹری دفاع کل کنٹونمنٹ بورڈز میں الیکشن کی حتمی تاریخ دیں : سپریم کورٹ
سیکرٹری دفاع کل کنٹونمنٹ بورڈز میں الیکشن کی حتمی تاریخ دیں : سپریم کورٹ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے سیکرٹری دفاع کو کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کیلئے حتمی تاریخ دینے کا حکم دیدیا ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے 15 ستمبر کو الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا تاہم ایسا ممکن نہیں ہوسکا، اب اس سال فروری میں الیکشن کے انعقاد کی کوشش کی جا رہی ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ الیکشن کیلئے کوئی حتمی تاریخ دیں جس پر شاہ خاور نے کہا کہ میں ہدایات لئے بغیر کوئی حتمی تاریخ نہیں دے سکتا۔ جسٹس خلجی عارف حسین نے کہاکہ تو پھر صاف صاف کہہ دیا جائے کہ انتخابات کرانا ہی نہیں چاہتے۔ شاہ خاور نے کہا کہ الیکشن کیلئے موجودہ قوانین کی جا رہی ہیں، اس سلسلے میں قانونی مسودہ پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے پیش کر دیا گیا ہے۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ یہ کہانیاں پرانی ہو چکی ہیں ایسی کہانیاں دہرائی نہ جائیں۔ عدالت نے سیکرٹری دفاع کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر الیکشن کی حتمی تاریخ بتائیں جبکہ مقدمہ کی سماعت 9 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ