ایمرجنسی کے خلاف فیصلے پر نظرثانی کے لئے مشرف کی درخواست ‘ سپریم کورٹ کا فل کورٹ بنانے کا حکم
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے 31 جولائی 2009ء کے ایمرجنسی نفاذ کیخلاف فیصلے پر نظرثانی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فل کورٹ قائم کرنے کا حکم دے دیا۔ یہ حکم جسٹس انور ظہیر جمالی نے رجسٹرار کے اعتراضات کیخلاف دائر مشرف کی ان چیمبر اپیل کی سماعت کے بعد جاری کیا۔ سابق صدر نے سپریم کورٹ میں 31 جولائی 2009 ء کے ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف فیصلے پر نظر ثانی کے بارے میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست مشرف کے وکیل ابراہیم ستی نے دائر کی تھی جس پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراضات لگائے تھے اور بعد میں یہ اعتراضات دور کردیئے گئے اور آفس نے درخواست سماعت کے لئے منظور کی تھی۔ ان چیمبر سماعت کے دوران درخواست گزار کو ہدایت کی گئی کہ درخواست کی زبان درست کرنے کے علاوہ اس میں موجود چھوٹے چھوٹے اعتراضات کو بھی درست کیا جائے۔