• news

مری : 2 بسیں کھائی میں گر گئیں ‘ ایک الٹ گئی ‘21 افراد جاں بحق

مری+ اسلام آباد+ لاہور (نامہ نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی رپورٹر) مری راولپنڈی روڈ پر سالگراں کے قریب دو مسافر کوسٹر (بسیں) تیز رفتاری کے بعد آپس میں ٹکرا کر نشیبی کھائی میں جا گریں جس کے نتیجے میں پانچ خواتین سمیت 15افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 50 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ راولپنڈی سے مری جانے والی بس الٹ جانے سے 2 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ واقعات کے مطابق مری سے راولپنڈی کی جانب جانے والی دو مسافر بسیں اس وقت حادثے کا شکار ہوئیں جب تیزرفتاری سے ایک دوسرے کو کراس کرتے ہوئے نشیبی گہرائی میں واقع ایک برساتی نالے میں جا گریں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 سمیت پولیس چوکی  تربت سمیت علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی مگر اندھیرے کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نعشوں اور زخمیوں کو پولی کلینک اور پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی سی او کو موقع پر پہنچ کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے ٹریفک حادثات میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خراب موسم میں ٹریفک کا مربوط نظام نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو اس سلسلے میں (آج) جمعرات تک جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ ادھر کوہستان میں کار کھائی میں گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مری کے علاقے سالگراں پل پر دو مسافر کوسٹروں کے حادثے میں متعدد قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو تمام ممکنہ طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری کو مری حادثے کے بارے میں 3 روز کے اندر مکمل انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب نو ید اکرم چیمہ نے مری حادثہ کی مکمل تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔ تین رکنی اعلیٰ سطح کمیٹی میں صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ڈی سی او راولپنڈی اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی شامل ہونگے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ مری حادثے میں جاں بحق ہونے والے 2 افراد اور 6 زخمیوں کا تعلق لاہور سے ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، امیر جماعت اسلامی سید منور حسن، لیاقت بلوچ، وزیر محنت پنجاب راجہ اشفاق سرور  نے مری ٹریفک حادثے میں قیمتوں جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا  اظہار کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق دونوں کوچیں مخالف سمت سے آ رہی تھیں۔ ایک بس مری سے راولپنڈی اور دوسری راولپنڈی سے مری جا رہی  تھی۔ علاوہ ازیں راولپنڈی سے مری جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث اسلام آباد کے کلب روڈ کے سامنے الٹ گئی۔ بس میں خواتین اور بچوں سمیت 20 کے قریب مسافر سوار تھے۔ پولیس کے مطابق بارش کے باعث بس سلپ ہو کر الٹ گئی۔ حادثے میں دو خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں بڑی تعداد خواتین او بچوں کی ہے۔ عینی تاہ دین نے بتا یا کہ  حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن