طاہر القادری کی ایک اور ریلی
طاہر القادری کی ایک اور ریلی
پاکستان عوامی تحریک اور ادارہ منہاج القرآن کے سربراہ طاہر القادری نے کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منڈیلا کے بعد ہمارا انقلاب آئیگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غریبوں پر ٹیکس ختم کئے جائیں۔ انہوں نے عوام کو کرپٹ نظام کیخلاف باہر نکلنے کو کہا اور کہا 50 فیصد سیاست دان ٹیکس نہیں دیتے انہیں پارلیمنٹ میں بیٹھنے کا کوئی حق نہیں۔ طاہر القادری نے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو قرضوں کی بجائے روزگار فراہم کئے جائیں اور پانی‘ بجلی و گیس کے بلوں میں تمام ٹیکس اور سرچارج ختم کئے جائیں۔ تمام اشیائے خوردنوش روٹی‘ کپڑا‘ مکان سمیت دیگر اشیاءپر سبسڈی دی جائے۔ انہوں نے خطاب میں نیلسن منڈیلا کا ذکر بھی کیا۔ نیلسن منڈیلا نے 27 سال جیل کاٹی جبکہ طاہر القادری جو اب ماشاءاللہ شیخ الاسلام بھی ہیں نے 2012ءمیں بھی اسلام آباد میں لانگ مارچ کیا تھا اور خود کنٹینر میں بیٹھے دسمبر کے مزے لیتے رہے اور خواتین و بچے سردی میں ٹھٹھرتے رہے۔ عمران خان کی حکومت خیبر پی کے میں ہے اور وہ ریلیاں لاہور میں نکال رہے ہیں۔ یہ خلا گورنمنٹ خود پیدا کر رہی ہے۔ پارلیمنٹ سے باہر سیاسی جماعتیں گورنمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتی ہیں اور بناتی رہیں گی جب تک گورنمنٹ اپنا قبلہ درست نہیں کر لیتی۔ عام آدمی کی ضرورت ہے اسے مناسب سہولتیں دی جائیں۔ مہنگائی اور توانائی پر قابو پایا جائے۔ گورنمنٹ اور عوام کے درمیان جو خلا ہے اس کو پر کیا جائے۔ حکومت پارلیمنٹ میں موجود اپوزیشن سے مکمل طور پر مشاورت کرے اور جن مسائل کا گورنمنٹ کو سامنا ہے اپوزیشن سے مکمل طور پر مشاورت کرکے ان مسائل سے چھٹکارا جلد جلد پانا ہی گورنمنٹ کی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہو گی۔(حافظ عبدالقادر شعبہ ابلاغیات جامعہ پنجاب)