نوجوان نسل کو قیام پاکستان، مسلم لیگ کی تاریخ سے آگاہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے: پرویز الٰہی
نوجوان نسل کو قیام پاکستان، مسلم لیگ کی تاریخ سے آگاہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی رپورٹر) (ق) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام اور مسلم لیگ کی تاریخ کے بارے میں نوجوان نسل کو آگاہ کرنا مسلم لیگ کی ذمہ داری ہے، اس سلسلہ میں مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ مسلم لیگ ہاﺅس لاہور میں سٹڈی سنٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ایک ہزار کتابوں کی فراہمی سے سٹڈی سنٹر کے قیام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ق لیگ پنجاب کے سینئر نائب صدر محمد بشارت راجہ، میاں محمد منیر، میاں عمران مسعود، عالمگیر ایڈووکیٹ، ناصر محمود گل، سیمل کامران، ونگز کے صدور اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چودھری پرویز الٰہی نے تحریک پاکستان سے متعلق قابل قدر تحقیقی کام کرنے پر مسلم لیگی رہنما آزاد بن حیدر کی خصوصی کاوش اور محنت کو سراہا اور کہا کہ بزرگ مسلم لیگی رہنماﺅں سے اس سٹڈی سنٹر کے حوالے سے تجاویز اور رہنمائی لی جائے گی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ ہم نے پاکستان کو بانی پاکستان کے افکار کے مطابق اسلامی، فلاحی و جمہوری مملکت بنانے کیلئے پنجاب میں عوامی خدمت کے ایسے منصوبے دئیے جو اس سلسلہ میں بنیاد کا درجہ رکھتے ہیں، مفت تعلیم و صحت کی معیاری سہولتوں اور سستے و فوری انصاف کی فراہمی کیلئے ادارے تشکیل دے کر پنجاب کو فلاحی صوبہ کا تشخص دیا، ہمارے دور کی شناخت عوامی خدمت کے کامیاب منصوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ہاﺅس میں ایسا ماحول فراہم کر رہے ہیں کہ پڑھے لکھے خواتین و حضرات اور طلبا و طالبات پاکستان اور مسلم لیگ کی تاریخ کا پوری یکسوئی سے مطالعہ کر سکیں۔
پرویز الٰہی