بھارتی سفارتکار دیویانی کی گرفتاری‘ امریکی سفارتخانے نے بھارت میں کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کا حکم
بھارتی سفارتکار دیویانی کی گرفتاری‘ امریکی سفارتخانے نے بھارت میں کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کا حکم
نئی دہلی (نوائے وقت نیوز/ اے ایف پی) بھارتی سفارتکار دیویانی کی گرفتاری کے معاملے پر بھارت اور امریکہ میں تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت نے امریکی سفارتخانے کو 16 جنوری سے اپنی کاروباری سرگرمیاں بند کر دینے کا حکم دیا ہے۔ امریکی سفارتخانے میں بیوٹی پارلر، ریسٹورنٹ، بولنگ کلب کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سفارتی گاڑیوں کو بھی استثنیٰ نہیں ہوگا۔ امریکی سفارتخانے کو سینٹر میں فلم دکھانے سے قبل اجازت لینا ہو گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی کمیونٹی سپورٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کاروباری سرگرمیاں جاری تھیں۔ اے پی اے کے مطابق بنگالی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکہ میں گرفتاری کا سامنا کرنیوالی بھارتی سفارتکار دیویانی پاکستانی اور ایرانی سفارتخانوں پر حملے کےلئے منصوبہ بندی کر رہی تھی اور وہ بھارت کی سفارتکار نہیں بلکہ سفارتکار کے روپ میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی ایجنٹ تھی۔ آن لائن کے مطابق بھارت نے امریکی سفارت کاروں کو دی گئی مراعات واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق بدھ کو نئی دہلی میں موجود امریکی سفارتی اہلکاروں کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ سفارت خانے کی گاڑیوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔
امریکی سفارتخانہ/ حکم