لیبیائی وزیراعظم کی مستعفی ہونے کی پیشکش
لیبیائی وزیراعظم کی مستعفی ہونے کی پیشکش
طرابلس(این این آئی)لیبیا کے وزیراعظم علی زیدان نے عہدہ چھوڑنے کی پیش کش کرتے ہوئے کہاہے کہ نیشنل کانگریس اگر نیا وزیراعظم لانا چاہتی ہے تو وہ اس کیلئے تیار ہیں ۔عرب ٹی وی کے مطابق لیبی کابینہ کے ارکان نے بدھ کو وزیراعظم کو اپنی وزارتوں کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی جس کے بعد علی زیدان نے کہا کہ ٹیکنوکریٹس اور آزاد ماہرین پر مشتمل نئی کابینہ تشکیل دی جائے گی اور یہ پارٹیوں اور سیاسی گروپوں پر مشتمل نہیں ہوگی، لیبی وزیراعظم نے دھمکی دی کہ اگر حکومت کے کنٹرول سے باہر تیل برآمد کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ تیل لے جانے والے جہازوں کو ڈبو دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک یا کمپنی یا گینگ جنگجوﺅں کے زیر قبضہ بندرگاہوں پر تیل لینے کے لیے ٹینکر بھیجے گا،تو ہم ایسے ٹینکروں سے نمٹیں گے اور انھیں تباہ کرنے یا سمندر میں غرق کرنے پر مجبور ہوں گے۔ہم تمام ممالک کو خبردار کرتے ہیں کہ اس سلسلہ میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔وزیراعظم علی زیدان نے کہا کہ وہ اسی یا آئندہ ہفتے اپنی کابینہ میں ردوبدل کریں گے،انھیں قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جانب سے ممکنہ عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا ہے اور اس سے قبل ہی انہوں نے مستعفی ہونے کی پیش کش کی ہے۔