• news

سٹیل ملز‘ او جی ڈی سی ایل‘ 3 بنکوں کو نجی ملکیت میں دینے کی منظوری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان کے نجکاری کمیشن نے سٹیل ملز، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور یونائیٹڈ بینک کو جزوی طور پر نجی ملکیت میں دینے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلے کمشن نے دو رورزہ اجلاس کے اختتامی روز کئے گئے ہیں۔ کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر کی صدارت میں اجلاس میں سٹیل ملز، اسلام آباد اور فیصل آباد کی الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے کم از کم 51  فیصد حصص کی نجکاری کی منظوری دی گئی۔کمشن نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی اور یونائیٹڈ بینک کے بھی دس فیصد حصص نجی ملکیت میں دینے کی منظوری دی۔ اجلاس میں نجکاری کے عمل کے لئے آئی ایم ایف کے ساتھ حکومتی وعدوں کے مطابق مالیاتی مشیر مقرر کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔ ان مشیروں کا کام اپنے پیشہ ورانہ تجربے کی روشنی میں نجکاری کے عمل کے لئے حکومت کو مشورے دینا ہوگا۔ریلوے کی خدمات اور کاروباری استعداد بڑھانے اور ادارہ جاتی فریم ورک میں بہتری کے لیے بھی مارچ کے آخر تک الگ سے مشیر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ 2006  میں بھی اس وقت کی حکومت نے سٹیل ملز کی نجکاری کی تھی اور روسی، سعودی اور پاکستانی نجی کمپنیوں کے کنسورشیم نے 21 ارب 67 کروڑ روپے کی بولی دے کر پاکستان سٹیل کے 75 فیصد حصص حاصل کئے تھے تاہم پاکستان کی عدالت عظمی نے سٹیل ملز کی فروخت کو غیرقانونی قرار دے دیا تھا اور یوں یہ عمل مکمل نہیں ہو سکا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن