• news

ہمیشہ منتخب نمائندے عدالتوں میں پیش ہوئے: آصفہ تاریخی سیاسی انتقام کے باوجود میرے باپ کو قصور وار ٹھہرانے کی کوششیں غلط ہیں: بختاور

کراچی (آئی این پی) سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادیوں بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے ہمیشہ منتخب نمائندے ہی عدالتوں کے سامنے پیش ہوئے ہیں، ڈکٹیٹر ابھی تک عدالتوں سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے۔ جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغامات میں بختاور بھٹو زرداری نے کہا تاریخی سیاسی انتقام کے باوجود ایک شخص کو قصوروار ٹھہرانے کی کوششیں غلط ہیں جبکہ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا پاکستان میں ہمیشہ منتخب عوامی نمائندوں نے ہی عدالتوں کا احترام کرتے ہوئے عدالتوں میں حاضری دی۔ ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو، آصف علی زرداری اور دیگر عوامی نمائندے ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوتے رہے جبکہ ابھی تک فوجی آمر عدالتوں میں حاضری سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے۔ آصفہ نے کہا منتخب نمائندوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ ایک جرنیل جیل سے فری کارڈ پر باہر نکلنے کا منتظر ہے۔ پرویز مشرف عدالت میں پھر پیش نہیں ہوئے پھر کل وہ کہیں گے دھوپ اور گرمی بہت تیز ہے اس لئے میں عدالت میں پیش نہیں ہو سکتا۔ آصفہ بھٹو نے کہا کہ وہ لیڈی ہیلتھ ورکرز سے ملی ہیں تاہم وہ خطرات کے باوجود پولیو مہم جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔ بعض ایل ایچ ویز کو تنخواہیں نہیں ملیں، حکومت اور ڈونر ایجنسیاں ان کا مسئلہ حل کریں۔

ای پیپر-دی نیشن