قربانی رائیگاں نہیں جائے گی: نوازشریف، طالبان نے میرا ایس پی مار دیا: بلاول
اسلام آباد + کراچی + لاہور (ایجنسیاں + خصوصی نامہ نگار) خودکش حملے میں ایس ایس پی سی آئی ڈی کراچی چودھری اسلم سمیت دیگر افراد اور پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ شہباز شریف، سابق صدر زرداری، پرویز مشرف، بلاول بھٹو، فضل الرحمن، منور حسن، طاہر القادری، ساجد میر، حافظ عبدالکریم، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن، شیریں مزاری اور دیگر نے اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ چوہدری اسلم بہادر افسر تھے اور اْن کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا عزم متاثر نہیں ہو گا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرپرسن بلاول بھٹو زرداری نے بھی ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ تحریک طالبان پاکستان نے میرے ایس ایس پی کو مار ڈالا۔ شیریں مزاری نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چودھری اسلم ایک بہادر پولیس افسر تھے۔ انھوں نے اسے کراچی میں شدت پسندوں کے خلاف لڑائی میں ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، چوہدری اسلم جس گاڑی میں سوار تھے وہ بلٹ پروف تھی، شدت پسندوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔ سابق صدر زرداری نے کہا ہے کہ چودھری اسلم بہادر اور ایماندار افسر تھے۔ چودھری اسلم اور ان کے ساتھیوں نے ایک مقصد کیلئے اپنی جان دی۔ آصفہ بھٹو اور بختاور نے کہا ہے کہ چودھری اسلم بہادر شخص تھے، انہوں نے کراچی کے لوگوں کو تحفظ دینے اور اپنے شہر کو شدت پسندوں سے محفوظ رکھنے کیلئے زندگی وقف کر رکھی تھی۔ الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں شدت پسندوں کی آزادانہ کارروائیاں لمحہ فکریہ ہیں۔ سندھ رینجرز کے ترجمان نے کہا ہے کہ چودھری اسلم دلیر افسر تھے، ہر مشکل گھڑی میں پولیس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ چودھری اسلم کی شہادت افسوسناک ہے، حکمرانوں سے اپیل کرتا ہوں جلد مذاکرات شروع کریں۔ سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ چودھری اسلم ایک بہادر افسر تھے‘ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مل کر کراچی میں آپریشن کا اچھا فیصلہ کیا تھا‘ کالعدم تحریک طالبان جیسے جتنے بھی گروپ ہیں سب کی نانی ایک ہی ہے۔ سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشت گردی نہ رکنا حکومت کی ناقص پالیسیوں کا شاخسانہ ہے۔ کراچی پولیس چیف شاہد حیات نے کہا ہے کہ چودھری اسلم شیر کی طرح جیا اور شیر کی طرح ہی مرا، ہم سوگوار نہیں مشن جاری رکھیں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اگر ایک چودھری اسلم آج شہید ہوا ہے تو 100 اور پیدا ہوں گے اور امن کے لئے لڑی جانے والی جنگ میں حصہ لیں گے۔ دہشت گردوں کو ان کے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ تحریک ہزارہ کے بابا حیدر زمان، مجلس وحدت مسلمین کے ناصر عباس، لیاقت بلوچ، چودھری ظہیر الدین، بشارت راجہ نے بھی بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔