• news

بہاولپور کی تقریب کی جھلکیاں

بہاولپور کی تقریب کی جھلکیاں

٭ وزیراعظم کے درخواست گزاروں سے سوال و جواب
٭ مسلم لیگی کارکن کی انگریزی میں گفتگو، وزیراعظم محظوظ ہوئے
٭ بچپن سے خواہش تھی وزیراعظم کو سامنے دیکھوں، خاتون
بہاولپور (نامہ نگار) بہاولپور میں قرضہ سکیم کی تقریب کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے درخواست گزاروں سے سوال جواب بھی کئے اور ان سے ہر ایک کی منصوبہ بندی کے بارے میں پوچھا۔ درخواست گزار بہت پرجوش تھے، انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ یہ سکیم ان کے لئے کتنا مفید ثابت ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس سکیم سے نہ صرف خود مستفید ہونگے بلکہ یہ سکیم ملک و خوشحالی کے لئے بھی مفید ہے۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اور قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید اور دوسرے اعلی سرکاری عہدیداران بھی موقع پر موجود تھے۔ تقریب کے دوران حاصل پور سے آنے والے مسلم لیگی کارکن نے اپنی انگریزی اور دلچسپ گفتگو سے وزیراعظم کو خاصا محظوظ کیا‘ تحصیل لیاقت پور کے علاقہ ترنڈہ محمد پناہ سے تعلق رکھنے والی خاتون عالیہ فہمید نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ اپنی گارنٹر خود ہے اپنی زمین پر قرضہ لینا چاہتی ہے لیکن اس کی زمین کی قیمت پٹواری مارکیٹ ریٹ سے کہیں زیادہ کم لگا رہا ہے جس کی وجہ سے بینک سے اسے مطلوبہ قرضہ نہیں مل پارہا ‘ اپنا سکول چلا رہی ہے جس میں پچاس بچے زیر تعلیم ہیں اب وہ 20 لاکھ سے مڈل سکول بنانا چاہتی ہے جس سے دس ٹیچرز کو بھی روز گار ملے گا۔ اس نے وزیراعظم سے کہا کہ مجھے مایوس نہ کیا جائے اور مجھے قرضہ ضرور ملنا چاہئے تو وزیراعظم نے کہا کہ اگر درخواستیں کم ہوئیں تو آپ کو قرعہ اندازی کے بغیر قرضہ مل جائے گا لیکن مجھے آپ کا جذبہ دیکھتے ہوئے لگتاہے کہ آپ کا نام قرعہ میں بھی نکل آئے گا۔ یزمان منڈی سے آنے والی خاتون صفیہ کنول نے دلچسپ گفتگو سے وزیراعظم اور پورے ہال کو قہقہے لگانے پر مجبور کردیا۔ صفیہ کنول نے وزیراعظم سے کہا کہ میری بچپن سے ہی خواہش تھی کہ آپ کو آمنے سامنے سے دیکھوں‘ 1996 کے الیکشن میں جب میں چھوٹی تھی تو بھائی کے ساتھ بیٹھ کر پوری رات ٹی وی پر نتیجہ دیکھا اور آپ نے پورے پاکستان سے گیارہ ہزار زیادہ سیٹیں جیتیں وزیراعظم نے اسے بتایا کہ پورے پاکستان میں ہزار کے لگ بھگ ساری سیٹیں ہیں لیکن وہ اپنی بات پر قائم رہی اور بار بار یہی دہراتی رہی کہ آپ نے گیارہ ہزار سے زیادہ سیٹیں جیتی تھیں۔ وزیراعظم نے خوشگوار لہجے میں صفیہ کنول سے پوچھا آپ کی عمر بیس سال تو ہوگی اس نے کہا کہ میری عمر 37سال اور تجربہ بیس سال ہے۔ ڈیرہ بکھا بہاولپور کی رہائشی بشریٰ مزمل نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ بچھڑوں کا فارم بنانے کیلئے پانچ لاکھ قرضہ لینا چاہتی ہے۔ وزیراعظم نے پوچھا کہ کیا آپ کامیابی سے یہ کام کرلیں گی تو خاتون نے پراعتماد انداز میں جواب دیا کہ اگر خود پر یقین ہو تو کامیابی ضرورحاصل ہوتی ہے جس پر وزیراعظم نے اسے سراہا۔ بہاولپور شہر کے ساتھ واقعہ گوٹھ مہرو خانقا ہ شریف کی رہائشی خاتون رخسانہ نے وزیراعظم کو اپنا نام بتایا اس نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ چار لاکھ قرضہ لے کر چالیس بکریاں خرید کر گوٹ فارم بنائے گی۔ وزیراعظم نے موقع پر موجود اس کے خاوند محمد سعید کو بھی بلایا اور اس سے سرائیکی میں بات کرنے کی فرمائش کی جس پر سعید وزیراعظم سے سرائیکی میں بات کرتا رہا جس سے وزیراعظم اور ہال میں موجود لوگ حاضرین خوب محظوظ ہوئے۔ بہاولپور کی رہائشی ایک خاتون نے وزیراعظم کو بتایا کہ اسے بوتیک کے کام کا بارہ سالہ تجربہ ہے لیکن اب لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہم خواتین رات کو کام نہیں کرسکتیں تاہم وزیراعظم نے لوڈشیڈنگ کے ایشو پر بات کرنے سے گریز کیا۔ اس نے کہا کہ مجھے سارا خواب ہی لگ رہا تھا لیکن اب آپ میرے سامنے ہیں تو مجھے یقین ہے کہ قرضہ مل جائے گا تو وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں بالکل آپ کے سامنے ہوں۔ بہاولپور کے قریبی علاقے نور پور نورنگا کی رہائشی نرگس بی بی نے وزیراعظم کو بتایا کہ ہم نے ڈیری فارم بنایا ہے اسے مزید بڑھانا چاہتے ہیں مزید بھینسیں خریدنے کیلئے اٹھارہ لاکھ کے قرضے کیلئے درخواست دی ہے۔ نرگس بی بی نے وزیراعظم کو بتایا کہ اسے یقین ہے کہ تمام خرچے اور قسط کی ادائیگی کرکے ہمیں ماہانہ چالیس ہزار منافع ہوگا۔ نرگس بی بی نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ ہمیں اپنے قدموں پر کھڑا ہونے کا موقع دے رہے ہیں ہم ضرور آپ کے اعتماد پر پورا اتریں گے تو وزیراعظم نے کہا کہ یہ توفیق تو اﷲ تعالیٰ نے مجھے دی ہے میں چاہتا ہوں کہ اﷲ تعالیٰ اس ملک کو باعزت ممالک میں شامل کرے‘ غربت اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے ہم دنیا کی بہترین قوم بن جائیں۔وزےراعظم محمد نواز شرےف نے سمہ سٹہ کا نام تبدےل کرنے کو نامناسب جبکہ خاتون کے گھر ہونےوالی چوری پر آئی جی پنجاب اور چےف سےکرٹری کو فوری کارروائی کاحکم دےدےا۔
 
وزیراعظم / جھلکیاں

ای پیپر-دی نیشن