• news
  • image

سمجھ گیا تھا، پاکستان امریکہ کا اتحادی نہیں، طالبان سے تعاون جاری رکھے گا: رابرٹ گیٹس

سمجھ گیا تھا، پاکستان امریکہ کا اتحادی نہیں، طالبان سے تعاون جاری رکھے گا: رابرٹ گیٹس

واشنگٹن (آئی این پی) پاکستان کے بڑے حامی سمجھے جانے والے سابق امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکہ کا اتحادی نہیں اور وہ دہشت گردوں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپنی پالیسی سے دستبردار نہیں ہو گا۔ اگلے ہفتے شائع ہونے والی اپنی کتاب میں انہوں نے کہا میں کانگریس اور پریس کے سامنے پاکستان کا دفاع کرتا تھا تاکہ کراچی آنے والی ہماری سپلائی لائن کو خطرات اور حالات کو مزید خراب ہونے سے بچانے کیلئے تعلقات کو بحال رکھا جائے۔ میں جانتا تھا کہ درحقیقت پاکستان ہمارا اتحادی نہیں۔ جنوری 2010ءمیں پاکستان کے اپنے دوسرے اور آخری دورے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر قائل ہو کر واپس آئے تھے کہ اسلام آباد دہشت گردوں سے تعاون کی اپنی پالیسی ترک نہیں کریگا۔ اس دورے میں انہوں نے صدر آصف زرداری، وزیراعظم یوسف گیلانی اور آرمی چیف پرویز کیانی سے ملاقات کی تھی۔ اپنی یادوں پر مشتمل کتاب میں انہوں نے لکھا کہ ہم طویل المدت سٹریٹجک پارٹنرشپ کیلئے پرعزم تھے۔ دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنا ہماری ضرورت تھا۔ پاکستان کو بھی اینٹی امریکن ازم کو کنٹرول کرنے کی ضرورت تھی جبکہ پاکستانی فوج کے ماورائے عدالت قتل تعلقات کو خطرے میں ڈال رہے تھے۔ واپسی پر میں سمجھ گیا کہ پاکستان کچھ حوالوں سے ہمارے ساتھ کام کریگا جیسا کہ سپلائی لائن بھجوانا وغیرہ مگر ساتھ ہی وہ طالبان اور دوسرے انتہا پسندوں کو ٹھکانے فراہم کرتا رہے گا تاکہ افغانستان کی حکومت میں کوئی بھی آئے پاکستان اس پر اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اپنا عہدہ سنبھالنے سے قبل انہوں نے ایک سکیورٹی اجلاس میں شرکت کی جس میں پاکستان کو سب سے بڑا اور خطرناک حالات کے طور پر بیان کیا گیا۔
رابرٹ گیٹس

epaper

ای پیپر-دی نیشن