• news

فرانس: حجاب کے معاملہ پر پولیس سے جھگڑا مسلمان خاتون کو ایک ماہ قید، 200 ڈالر جرمانہ برقعہ پر پابندی کو غیرآئینی قرار دینے کی درخواست مسترد

فرانس: حجاب کے معاملہ پر پولیس سے جھگڑا مسلمان خاتون کو ایک ماہ قید، 200 ڈالر جرمانہ برقعہ پر پابندی کو غیرآئینی قرار دینے کی درخواست مسترد

پیرس (اے پی اے) فرانس میں مسلمان خاتون کو حجاب کے معاملے پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ لڑائی جھگڑے کے جرم میں ایک ماہ سزائے قید اور 200 ڈالر جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔ عدالت نے بیس سالہ کاسندرا بیلن کی برقعہ پر متنازعہ پابندی کو غیر آئینی قرار دینے کی درخواست بھی رد کر دی ہے۔ جولائی، 2013 میں پیرس کے قریب ٹراپس کے علاقے میں ان کی گرفتاری کی بعد دو دن تک فسادات جاری رہے تھے۔ خاتون کو ہاتھا پائی پر ایک مہینے جیل کی سزا ملی ہے تاہم اس پر عمل درآمد ان کے آئندہ رویہ کی بنیاد پر ہو گا۔ بیلن کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ ہمت نہیں ہاریں گے اور پابندی ختم کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ادھر توقع کی جا رہی ہے کہ انسانی حقوق کی یورپی عدالت رواں سال برقعہ پرعائد پابندی کے حوالے سے درخواست پر اپنا فیصلہ سنا دےگی۔ خاتون کے وکلاءنے سزا کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم خواتین کو برقعہ اوڑھنے کی اجازت نہ دینا انہیں مذہبی آزادی کے حق سے محروم کرنا اور ناانصافی ہے۔ فرانس کا کہنا ہے کہ سیکورٹی وجوہات اور ملک کی سیکولر روایات کو برقرار رکھنے کے لئے یہ پابندی ضروری ہے تاہم نقادوں کا کہنا ہے کہ اگر سکیورٹی کا ہی معاملہ ہے تو پھر موٹر سائیکل سواروں کے ہیلمٹ استعمال کرنے پر بھی پابندی لگائی جائے۔ خیال رہے کہ قانونی طور پر اس پابندی کا اطلاق منہ ڈھانپنے کے تمام طریقوں پر ہوتا ہے لیکن عملی طور پر صرف ان خواتین کو گرفتار کیا جا رہا ہے جو اسلامی برقعہ استعمال کرتی ہیں۔
سزا

ای پیپر-دی نیشن