شیر کی بیوی شیرنی ہوتی ہے: بیوہ چودھری اسلم صدر ممنون کا فون پر اظہار تعزیت
کراچی (نوائے وقت نیوز + نوائے وقت رپورٹ) چودھری اسلم کی بیوہ نورین اسلم نے کہا ہے کہ شیر کی بیوی شیرنی ہوتی ہے۔ نجی ٹی وی میں انہوں نے کہا کہ چودھری اسلم نے 20 سال میں مجھے شیرنی بنا دیا۔ انہوں نے ہمیشہ اپنے کام کو ترجیح دی اور فرائض سرانجام دینے کیلئے کوشاں رہے‘ ہم ان کے مشن کو جاری رکھیں گے او کسی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ممنون حسین نے چوہدری محمد اسلم کی بیوہ کو ٹیلیفون کرکے ان کے خاوند کی دہشت گردی کے حملے میں شہادت کے واقعہ پر تعزیت کی ہے۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے چوہدری اسلم کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بہادری اور ملک کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ حکومت چوہدری اسلم کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑے گی، پوری قوم ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔