اینٹی منی لانڈرنگ اصلاحات سے دہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے میں مدد ملے گی : اسحق ڈار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اینٹی منی لانڈرنگ اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ این جی اوز کی رجسٹریشن کے نئے قانون کے بعد منی لانڈرنگ روکنے میں مدد ملے گی۔ انسداد دہشت گردی کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اس میں ترمیم کی جائیگی۔ نیا قانون بننے کے بعد غیرملکی فنڈنگ کا غلط استعمال روکنے میں مدد ملے گی۔ سکیورٹی اداروں کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردوں کیلئے فنڈز کے راستے بند کرنا ہونگے۔ اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے دنیا کے تجربات سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا گیا۔