• news

ہنگو میں خودکش حملہ ناکام بنانے والے طالب علم اعتزاز کو سب سے بڑا سول اعزاز ستارہ شجاعت دینے کی سفارش وزیراعظم نے سمری صدر کو بھجوا دی

اسلام آباد (اے این این) وزیراعظم نواز شریف  نے ہنگو میں  اپنے  سکول پر خودکش  حملہ ناکام بنانے والے  طالب علم اعتزاز حسن کو بعد از  مرگ ستارہ شجاعت سے نوازنے کی سفارش کر دی۔ وزیراعظم ہائوس کے مطابق نواز شریف نے  صدر ممنون حسین کو سمری ارسال کی ہے جس میں ہنگو میں اپنے سکول میں خودکش حملے کی کوشش  ناکام بناتے ہوئے شہید ہونے والے  نویں جماعت کے طالب علم اعتزاز حسن کو بعد از مرگ ستارہ شجاعت سے  نوازنے کی سفارش کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ اعتزاز حسن نے خودکش حملہ ناکام بنا کر نہ صرف  سینکڑوں معصوم طلبہ کی جانوں کو بچایا ہے بلکہ حب الوطنی اور بہادری کی مثال قائم کی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ہنگو میں طالب علم اعتزاز حسن نے سکول  میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے خودکش حملہ آور کو دبوچ کر خودکش حملے کی کوشش ناکام بنائی تھی۔ ستارہ شجاعت پاکستان کا سب  سے بڑا سول اعزاز ہے۔

ای پیپر-دی نیشن