لاہور بار کے انتخابات: آج 13 ہزار سے زائد وکلا ووٹ کاسٹ کریں گے
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے لئے آج سیشن کورٹ میں میلا لگے گا جس کے لئے الیکشن بورڈ نے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں پنڈال سے لیکر پولنگ بوتھ اورکنٹرول روم کی تیاری مکمل کرلی گئی آج اڑھائی ہزار سے زائد خواتین وکلاء سمیت 13 ہزار 134 رجسٹرڈ ووٹر وکلا اپنا حق رائے دہی استعمال کر کے صدر تین نائب صدور، دو سیکرٹری، ایک جوائنٹ سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری کو منتخب کریں گے جبکہ آڈیٹر کی سیٹ پر انعام الحق پاشا پہلے ہی مدمقابل کوئی امیدوار نہ ہونے پر بلامقابلہ کامیاب قرار پا چکے ہیں۔ دوسری طرف الیکشن بورڈ کی طرف سے پولنگ سکیم کے مطابق پولنگ صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ دوپہر ایک بجے سے دو بجے تک کھانے کا وقفہ ہو گا، پولنگ کے لئے دس بوتھ بنائے گئے ہیں نو بوتھ مرد وکلا کے لئے جبکہ ایک بوتھ خواتین وکلا کے لئے مختص کیا گیا ہے، مرد وکلا کے لئے ایڈیشنل سیشن ججز کی نو عدالتیں پولنگ بوتھ ہونگے جبکہ خواتین وکلا کے لئے سیشن جج کی عدالت کے ایک آفس میں بوتھ بنایا گیا ہے، پولنگ سکیم کے مطابق سیشن جج لاہور کی عدالت کو کنٹرول روم بنایا گیا ہے جہاں سے تمام پولنگ کی مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ وکلا کے بیٹھنے کے لئے بخشی خانہ میں پنڈال لگایا گیا ہے جہاں بڑی بڑی چار سکرینیں نصب کی جائیں گی تاکہ وکلا اطمینان سے وہاں پولنگ پراسس کو باآسانی لائیو دیکھتے رہیں۔ مزید برآں لاہور بار ایسوسی ایشن کی کابینہ نے اپنے دورانیہ کے آخری دن گذشتہ روز ایوان اقبال میں وکلا کے اعزاز میں عشائیہ دیا او ر صدر لاہور بار ایسوسی ایشن نعمان قریشی کے والد حکم قریشی ایڈووکیٹ مرحوم کے لئے تعزیتی ریفرنس کی تقریب منعقد کی جس میں لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال مہمان خصوصی جبکہ جسٹس منظور ملک سپریم کورٹ کے جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی ان کے ہمراہ تھے۔ ہزاروں کی تعداد میں وکلا نے شرکت کی۔ اس موقع پر لاہور بار کے آج ہونے والے الیکشن میں امیدوار بھی اپنی اپنی انتخابی مہم چلاتے رہے اور دوست وکلا سے ووٹ مانگتے رہے۔ تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمر عطا بندیال، جسٹس میاں ثاقب نثار، سابق صدر سپریم کورٹ با ر میاں اسرار الحق، جسٹس منظو ملک اور جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی نے حکم قریشی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اسے وکیل، انسان اور ایک دوست، استاد جس روپ میں دیکھا بے مثال پایا۔