• news

منیر ملک کا استعفیٰ منظور، سلمان بٹ کو اٹارنی جنرل تعینات کرنے کی سفارش

اسلام آباد (ثناء نیوز) صدر ممنون حسین کو وزیراعظم نوازشریف نے لاہور کے سینئر وکیل سلمان بٹ کو اٹارنی جنرل آف پاکستان تعینات کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ منیر اے ملک نجی مصروفیت کے باعث اٹارنی جنرل کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔ وزیراعظم نے انکا استعفٰی منظور کرتے ہوئے ایوان صدر کو اس بارے میں آگاہ کردیا۔ صدر نے بھی انکے استعفیٰ کو منظور کرلیا ہے۔ نئے اٹارنی جنرل پاکستان کیلئے صدر کو وزیراعظم نے لاہور کے سینئر وکیل سلمان بٹ کو تعینات کرنے کی سفارش کی ہے۔ صدر کی منظوری پر نئے اٹارنی جنرل آف پاکستان کا باضابطہ اعلان کردیا جائیگا۔ اے این این کے مطابق اٹارنی جنرل منیر اے ملک کے سپیشل اسسٹنٹ فیصل صدیقی کا کہنا ہے کہ عہدہ قبول کرنے سے پہلے حکومت سے یہ طے ہو گیا تھا کہ وہ دسمبر 2013ء میں عہدہ چھوڑ دیں گے لیکن سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چودھری کی ریٹائرمنٹ کے فوری بعد استعفیٰ دینا نامناسب تھا اس لئے مزید ایک ماہ ذمہ داریاں جاری رکھنے کا فیصلہ ہوا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد معاملے پر اختلافات استعفے کی بنیادی وجہ ہے۔ آئی این پی کا کہنا ہے کہ معروف وکیل اکرم شیخ کا نام بھی اٹارنی جنرل کیلئے زیر غور ہے۔

ای پیپر-دی نیشن