شیخ رشید کو طالبان کی طرف سے قتل کی دھمکیاں، سکیورٹی میں اضافہ سرگرمیاں محدود کرنے کا مشورہ
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کے کچھ گروپس کی طرف سے انہیں قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ دو روز قبل دھمکی آمیز کال موصول ہوئی۔ وزارت داخلہ اور پولیس کو صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ ابھی تک اضافی سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔ دریں اثنا آر پی او اختر عمر حیات لالیکا اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے شیخ رشید سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے انہیں ہرممکن تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔ آر پی او راولپنڈی نے شیخ رشید کو خطرات سے آگاہ کیا۔ آر پی او نے کہا کہ دہشت گرد لال حویلی کونشانہ بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے سرگرمیاں محدود کرنے کا مشورہ دیا۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ابھی تک وفاقی حکومت کی طرف سے سکیورٹی نہیں ملی پنجاب گورنمنٹ کا سکیورٹی دینے پر مشکور ہوں۔