• news

آبی گزرگاہوں کو ذرائع آمد و رفت کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ

لاہور(نیوزرپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آبی گزر گاہوںکو بطور ذرائع آمد و رفت استعمال کرنے کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا۔ یہ ورکنگ گروپ پنجاب میں موجود بڑی نہروں اور دریائوں پر موجود موزوں مقامات کی نشاندہی کر کے اپنی سفارشات پیش کرے گا۔ ورکنگ گروپ کی تشکیل کا فیصلہ صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا جس میں صوبائی وزیر سیاحت رانا مشہود احمد خان کے علاوہ سیکرٹری آبپاشی پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) خالد حسین قریشی، ایم ڈی ٹورزم حبیب گیلانی، ڈی جی والڈ سٹی پراجیکٹ کامران لاشاری، چیف انجینئر لاہور زون نذیر انجم، چیف انجینئر ملتان عنایت اﷲ چیمہ اور چیف انجینئر بیراجز سید محمود الحسن شاہ کے علاوہ مختلف کنسلٹنٹس نے بھی شرکت کی۔ اجلاس نے ڈی جی والڈ سٹی پراجیکٹ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ بابر شفیع، ایم ڈی ٹورزم چیف انجینئر بیراجز پر مشتمل ورکنگ گروپ قائم کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ گروپ آئندہ تین روز مین صوبہ بھر میں موزوں مقامات کی ٹیکنیکل بنیادوں پر نشاندہی کرے گا تاکہ عوام کو سستے ذرائع نقل و حمل میسر آسکیں اور ٹورزم کو بھی فروغ دیا جاسکے۔ اجلاس نے تمام زونل چیف انجینئر کو ہدایت کی کہ وہ ورکنگ گروپ کو تمام ضروری ڈیٹا اور سہولیات مہیاکریں تاکہ عوام کو جلد اس پروگرام سے مستفید کیا جاسکے۔ اجلاس نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پائلٹ بنیادوں پر منصوبے کا آغاز کیا جائے تاکہ ہر قسم کے پہلوئوں پر غور کرنے کے بعد ہی عوامی و سائل خرچ کئے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن