وزیراعظم لون سکیم کو ہر صورت کرپشن سے پاک رکھا جائیگا: ماروی میمن
سکردو+ اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور وزیراعظم لون سکیم کی کوآرڈنیٹر ماروی میمن نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) حکومت کا قرضہ سکیم کے ذریعے رقم کی فراہمی کا مقصد گلگت بلتستان کے غریب عوام کو روزگار فراہم کرنا ہے، سکیم میں کسی بھی قسم کا غبن ہونے نہیں دیں گے، بلتستان میرا دوسرا گھر ہے اسلئے تمام مصروفیات کو چھوڑ کر اپنے وعدے کے مطابق یہاں آئی ہوں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ان کا کہنا تھا وزیراعظم لون کو ہرصورت کرپشن سے پاک رکھا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا لون سکیم کی شرائط میں ترمیم کر دی گئی ہے تاکہ نوجوان آسانی کے ساتھ قرضہ لے کر اپناکاروبار چلا سکیں۔ ماروی میمن کا کہنا تھا اس سکیم میں کسی بھی قسم کی غبن ہونے نہیں دیں گے تاکہ کرپشن کلچر کا خاتمہ ہو۔ علاوہ ازیں ماروی میمن کہا دورۂ کوٹلی کے موقع پر مسلم لیگی کارکنان، یوتھ ونگ اورعوام علاقہ کی جانب سے پرجوش و والہانہ استقبال کو وہ مدتوں یاد رکھیں گی۔ انہوں نے بالخصوص پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں وکشمیر کے ضلعی کوآرڈینیٹر راجہ رضوان آف سرہوٹہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انکے دورہ کوٹلی کو کامیاب بنانے کیلئے راجہ رضوان کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر راجہ رضوان نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن، قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف اور راجہ محمد فاروق حیدر خان کے سپاہی ہیں اور قیادت کی جانب سے دی گئی کال پر لبیک کہنے کو ہمہ وقت تیار ہیں۔