صحت کی بنیادی سہولیات اور اتوار بازاروں میں سستی اشیاء کی فراہمی کیلئے جماعت اسلامی نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میںپارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب وسیم اختر نے صحت اور اتوار بازاروں میںعوام کو سستی اشیا کی فراہمی کے حوالے سے دوتحاریک التواء پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیں۔ صحت کے حوالے سے پیش کی جانے والی تحریک التواء میں کہاگیا ہے کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔ موجودہ سال کے پیش کردہ بجٹ میںپنجاب حکومت نے صحت سے متعلق بہت سے دعوے کئے تھے۔ بجٹ کے اعداد وشمار اور حکومتی دعوے اپنی جگہ لیکن صورتحال یہ ہے کہ ہیپاٹائٹس ملک میں ایک وباکی صورت پھیل رہا ہے۔ دریں اثناء اتوار بازاروں کے حوالے سے جمع کرائی گئی تحریک التواء میںکہا گیاکہ’’اتوار بازار عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہیں لیکن اس وقت لاہور میں اتوار بازار میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اوردکانوںپر ریٹ لسٹیں بھی آویزاں نہیں کی جاتیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان بازاروں میں اشیاء کی فراہمی سستے نرخوں پر ہو اور صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کا مناسب انتظام کیا جائے۔