• news

عوام غیر حاضر سرکاری اہلکار کو جوتے ماریں ‘ رشوت خوروں کو الٹا لٹکا دوں گا: پرویز خٹک

ایبٹ آباد (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے فروری میں بلدیاتی الیکشن کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹی تاریخیں دینے کی بجائے ہماری توجہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر ہے، سندھ اور پنجاب جھوٹی تاریخیں دے کر پھنس چکے ہیں، ہم اپنے صوبے میں کرپشن کا سو فیصد خاتمہ اور بااختیار احتساب کمشن بنائیں گے جس کے بعد میرے سمیت کوئی بھی بچ نہیں سکے گا۔ جسے صوبے میں رہنا ہے اسے کرپشن اور کمشن کی وصولی چھوڑنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد پریس کلب کی نئی عمارت کے افتتاح کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رشوت دینے والوں کو میں الٹا لٹکا دوں گا، عوام بھی رشوت خوروں کو جوتے ماریں۔ آن لائن کے مطابق امان اللہ جدون کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر جلسہ عام میں خطاب کے دوران وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے لوگوں کو بتایا کہ انکے پاس شکایت آئی ہے کہ کالا ڈھاکہ میں سرکاری اہلکار ڈیوٹی نہیں کر رہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے کمشنر ہزارہ کو حکم دیدیا ہے کہ جو سرکاری اہلکار ڈیوٹی نہیں کر رہے انکو فوری طور پر گرفتار کر کے جیل بھیجا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے جلسہ میں شریک لوگوں سے کہا کہ اگر انہیں ڈیوٹی کے اوقات میں کوئی بھی سرکاری اہلکار گھومتا ہوا نظر آئے تو اس کو جوتے مارے جائیں اور اگر کوئی سرکاری اہلکار رشوت مانگے تو اس کو کھینچ کر جوتا مارا جائے اور اس کی شکایت وزیر اعلیٰ کے شکایت سیل میں کی جائے۔ علاوہ ازیں پرویز خٹک نے اپنے دورہ ایبٹ آباد کے دوران ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا ذمہ دار وفاقی حکومت کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سمیت دیگر مالیاتی اداروں سے قرضے لینے غیر ترقیاتی اخراجات کے بڑھنے اور گیس بجلی اور پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے۔ وفاقی حکومت خیبر پی کے کو اپنے نقشے ہی میں تسلیم نہیں کر رہی۔ گذشتہ چار ماہ سے بحیثیت وزیر اعلیٰ انتہائی اہم سیاسی و علاقائی امور اور مسائل پر بات چیت کیلئے وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کا وقت مانگ رہا ہوں مگر وہ ٹائم نہیں دے رہے ہیںصوبہ ہزارہ کے قیام کی قرارداد جلد ہی صوبائی اسمبلی سے پاس کر کے وفاق کو بھیج دی جائے گی اس کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو اگلے چند روز میں کابینہ سے منظوری کے بعد صوبائی اسمبلی میں پیش کرے گی۔ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا کہ وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی پورے صوبے کی عوام کو چور کہہ رہے ہیں حالانکہ انہوں نے پشاور پیسکو میں سب سے بڑا چیف ایگزیکٹو ڈاکو بٹھا رکھا ہے، خیبر پی کے کی عوام چور نہیں وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی خود چور ہیں کیونکہ ان کا محکمہ چوری میں ملوث ہے ہم پیسکو پورے اختیارات کے ساتھ مانگ رہے ہیں اگر ہمیں پیسکو پورے اختیارات کے ساتھ دے دیا گیا تو نہ صرف صوبے میں بجلی کی قیمتوں میں کمی آئے گی بلکہ سستی بجلی کے باعث انوسٹر یہاں پر آ کر اپنی صنعتیں لگائیں گے ہمارے صوبے میں بجلی کی پیدوار 3500 میگا واٹ ہے جبلکہ ہمارا خرچہ 2400 میگا واٹ ہے اسی طرح ہمارا صوبہ گیس میں بھی خود کفیل ہے اور ہمارے گیس کا جتنا خرچہ ہے اس سے زیادہ گیس کی پیدوار ہو رہی ہے اگر ہمیں یہ اختیارات مل جائیں تو ہمیں کسی بھی قسم کے قرضے یا وفاق کی امداد کی ضرورت نہیں۔ سفارش اور کرپشن کے کلچر کا خاتمہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ایبٹ آباد حویلیاں میں ہزارہ یونیورسٹی کے کیمپس کو یونیورسٹی کا درجہ دینے ایبٹ آباد کے پانچ صوبائی حلقوں میں ایک ایک گرلز و بوائز ڈگری کالج دینے کے ساتھ ساتھ ایبٹ آباد میں ہوم اکنامکس کالج جبکہ ضلع کے پانچ صوبائی حلقوں میں ایک ایک مڈل و ہائی سکول دینے کے ساتھ ساتھ مسلم آباد سے قلندر آباد تک بائی پاس بنانے لنگرہ سے دھمتوڑ تک بائی پاس بنانے نتھیاگلی مری روڈ پر بائی پاس بنانے کے ساتھ ساتھ حویلیاں آر ایچ سی ہسپتال کو تحصیل کا درجہ دینے اور بوئی ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا اور اس کے ساتھ ساتھ ایبٹ آباد پریس کلب کیلئے بیس لاکھ روپے کے گرانٹ اور میڈیا کالونی کو دو کروڑ روپے دینے کا اعلان بھی کیا اور ارکان اسمبلی کے فنڈز کو پندرہ کروڑ روپے تک بڑھانے کا بھی اعلان کیا۔

ای پیپر-دی نیشن