• news

گارمنٹس انڈسٹریل زون کا نام ’’ پنجاب ایپرل پارک‘‘ رکھنے کی منظوری ‘ اربوں کی سرمایہ کاری ہو گی: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے گارمنٹس انڈسٹریل زون کا نام تبدیل کرکے ’’پنجاب ایپرل پارک‘‘ رکھنے کی منظوری دیدی ہے جبکہ پنجاب ایپرل پارک کے امور چلانے کیلئے بورڈ آف مینجمنٹ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ معروف صنعتکار محمد احسن بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئرمین ہوں گے۔  اس امر کا فیصلہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا بورڈ آف مینجمنٹ میں تمام افراد نجی شعبہ سے لئے گئے ہیں۔ پنجاب ایپرل پارک 1500 ایکڑ اراضی پر بنایا جائیگا۔ اراضی کے حصول کے کیلئے اڑھائی ارب روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ پنجاب ایپرل پارک میں مختلف سائز کے 1170 پلاٹس بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا  پارک میں ہسپتال، ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ، پلے گرائونڈز اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیں گی جبکہ پنجاب ایپرل پارک میں جدید ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے جائیں گے۔ سکل ڈویلپمنٹ سینٹر کیلئے 12 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا  مزدوروں کے آنے جانے کیلئے خصوصی ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی اور ٹرانسپورٹ کا تمام نظام آئوٹ سورس کیا جائے گا جبکہ پنجاب ایپرل پارک میں لیبر کالونی بھی بنائی جائے گی۔ صنعتوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے ابتدائی طور پر 25 میگاواٹ کا پاور پلانٹ لگایا جائے گا۔ پارک میں سیوریج، واٹر سپلائی، ڈرینج اور سڑکوں کی تعمیر کے کام کو معیاری انداز میں مکمل کیا جائے گا۔ پنجاب ایپرل پارک میں صنعتکاروں کی مصنوعات کی نمائش کیلئے جدید ہال بھی تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا  پنجاب ایپرل پارک کا منصوبہ صوبے میں صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے میں ممدو معاون ثابت ہوگا اور یہاں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوگی جس سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ گارمنٹس کی بر آمدات میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا پنجاب ایپرل پارک میں گارمنٹس کے منصوبے لگانے کیلئے چین، ترکی، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی جائے گی جبکہ مقامی صنعتکاروں کو بھی پارک میں سرمایہ کاری کیلئے مواقع میسر آئیں گے۔  وزیراعلیٰ نے ہدایت کی   منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے لیگل فریم ورک کو جلد حتمی شکل دی جائے اور منصوبے کا ماسٹر پلان تیار کرنے کا کام فی الفور شروع کیا جائے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف آئندہ چند روز میں پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کیلئے صوبائی کول پاور پالیسی کا اعلان کریں گے۔ کول پاور پالیسی کے تحت صوبہ پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کیلئے سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی سہولتوں اور مراعات کا اعلان کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مشروب ساز کمپنی کے کنٹری منیجر رضوان اللہ خان کے والد احسان اللہ خان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن