• news

شمالی بلوچستان‘ گلگت بلتستان سمیت ہزارہ ڈویژن کے مختلف علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں

کوئٹہ /ایبٹ آباد/ مظفر آباد /گلگت (آئی این پی) شمالی بلوچستان سمیت ملک کے بالائی علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہونے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان کشمیر اور مالاکنڈ ڈویڑن میں چند ایک مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں تیرہ ملی میٹر جبکہ کالام میں دو انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ دوسری جانب ملک کے  دیگر علاقوں میں موسم بدستور سرد اور خشک رہے گا، تاہم پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں  رات اور صبح کے وقت  دھند پڑنے کا امکان ہے۔ ملک میں سب سے کم درجہ حرارت پاراچنار میں مفی بارا ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سکردو منفی گیارہ‘ گوپس میں منفی آٹھ قلات میں منفی سات اور کوٹہ میں منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب  ایبٹ آباد‘ نتھیا گلی، ٹھنڈیانی سرکل بکوٹ سمیت دیگر علاقوں میں شدید برف باری کے باعث بکوٹ نتھیا گلی روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہو گیا‘ جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئیں، برف صاف کرنے والی مشینری اور ٹریفک پولیس سڑکوں سے غائب رہی جس کے باعث کئی گاڑیاں حادثات کا شکار ہوئیں، سیاح بے یارومددگار سڑکوں پر خوار ہوتے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن