دیویانی کے امریکہ داخلے پر پابندی، استثنیٰ ختم، وارنٹ جاری ہو سکتا ہے: محکمہ خارجہ
دیویانی کے امریکہ داخلے پر پابندی، استثنیٰ ختم، وارنٹ جاری ہو سکتا ہے: محکمہ خارجہ
واشنگٹن/ نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں) امریکہ نے بھارتی سفارتکار دیویانی کھوبرا گڑے پر ایک بار پھر ہاتھ ڈالنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی دفتر خارجہ میں تعیناتی کے بعد دیویانی کا سفارتی استثنیٰ ختم ہوگیا ہے۔ بھارتی سفارتکار کی گرفتاری کیلئے وارنٹ جاری کئے جا سکتے ہیں اور قانون کے سامنے پیشی کیلئے لایا جا سکتا ہے۔ روزانہ کی میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی جین ساکی نے کہا کہ اب دیویانی کھوبراگڑے کو امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے اور وہ صرف قانون کے سامنے پیش ہونے کیلئے یہاں آسکتی ہیں۔کھوبراگڑے کا نام امریکی ویزا اور امیگریشن محکمے کی نگرانی لسٹ میں شامل کر دیا جائیگا۔ انہیں سفارتی استثنیٰ تبھی تک حاصل تھا جب تک وہ اقوام متحدہ کے دفاتر میں کام کر رہی تھیں۔ اب ان کا تبادلہ بھارتی دفتر خارجہ میں ہو چکا ہے اور اب انہیں کوئی استثنیٰ حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر گہرا افسوس ہے کہ بھارت نے ہمارے اہلکار کیلئے ملک چھوڑنے کا حکم جاری کرنا ضروری سمجھا۔ دریں اثنا امریکہ سے واپس آنے والی سفارتکار دیویانی کھوبرا گڑے نے گزشتہ روز بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید سے ملاقات کی اور امریکہ میں ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے بات کی۔ وزیر خارجہ نے سفارتکار کو بھارتی دفتر خارجہ میں نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ بی بی سی کے مطابق امریکہ اور بھارت کے تعلقات میں 25 برس کے دوران پہلی بار ایسی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ این این آئی کے مطابق بھارت کے وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ بھارتی سفارتکار کے حوالے سے امریکہ اور بھارت کے روابط میں کشیدگی نہیں اور یہ معاملات جلد طے کر لیے جائیں گے جبکہ بھارتی سفارتکار نے کہا ہے کہ میں اپنے ملک کے عوام اور حکومت کی حمایت کے لئے شکرگزار ہوں، میری حکومت میری طرف سے بات کرے گی، بھارتی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ سلمان خورشید نے کہاکہ اگر کوئی مسئلہ ہے بھی تو امریکہ اور بھارت باہمی طور پر حل کر لیں گے، بھارتی سلمان خورشید نے کہا ہماری اپنی وجوہات ہیں اور اس بارے میں امریکہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ ہم امریکہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ہم وہ کریں گے جو کرنا ضروری ہے۔
دیویانی