بلدیاتی انتخابات میں ٹف ٹائم دیں گے، ثابت کریں گے پہلے دھاندلی ہوئی: زرداری
بلدیاتی انتخابات میں ٹف ٹائم دیں گے، ثابت کریں گے پہلے دھاندلی ہوئی: زرداری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ثناءنیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں مخالفین کو ٹف ٹائم دینگے، ثابت کردینگے کہ عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی تھی، شدت پسند اور انتہاپسندوں سے کبھی مرعوب نہیں ہونگے، آخری فتح اعتدال پسندوں اور شکست انتہاپسندوں کا مقدر ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی خیبر پی کے کے رہنماﺅں سے ملاقات میں کیا ملاقات میں بلدیاتی انتخابات میں پارٹی مہم سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماﺅں کو موثر بلدیاتی مہم کیلئے اضلاع کی سطح پر فوری طورپر کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے رابطوں کی ہدایت کی اور کہ پوری تیاری سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے میدان میں آئیں گے۔ ضلعی صوبائی اور تمام مرکزی قائدین اس حوالے سے پوری فعالیت کا مظاہرہ کرینگے، شدت پسندوں اور انتہاپسندوں کا پاکستان میں کوئی مستقبل نہیں، یہ قوتیں ضرور شکست سے دوچار ہونگی۔ بلدیاتی انتخابات میں کوئی سیاسی و جمہوری قوتوں کا راستہ نہیں روک سکتا، بھرپور تیاری کے ساتھ ثابت کرینگے کہ عام انتخابات میں ہمیں ہرایا گیا تھا، اس تاثر کو ضرور زائل کرینگے کہ انتخابات میں عوام ہمارے ساتھ نہیں تھے۔ انتہاپسندی اور شدت پسندی کیخلاف پاکستان پیپلز پارٹی سے زیادہ قربانیاں کسی نے نہیں دیں دو قائدین کی جان کی قربانی پیش کرچکے ہیں، انتہاپسندوں کا ایجنڈا اعتدال پسند قوم پر مسلط نہیں ہوسکتے۔ پی پی شہدا کی پارٹی ہے، عسکریت پسندوں اور انتہاپسندوں کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے گی، ہم نے جمہوری عمل کے جاری رہنے کےلئے انتخابی نتائج قبول کئے تاکہ کسی کو جمہوری نظام کو پٹری سے اتارنے کا موقع نہ مل سکے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ پارٹی اپنا سیاسی اور جمہوری کردار ترک کر دے گی، لوکل باڈیز انتخابات میں سخت محنت کی جائے تاکہ پارٹی اپنا مقام دوبارہ حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا حکومت کی نجکاری کی پالیسی پر کڑی نظررکھ کر دوستوں کو فائدہ پہنچانے، شفافیت نہ ہونے اور ملازمین کو بیروزگار کرنے کے خلاف آواز اٹھائی جائے۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سمیت ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آصف زرداری نے ہدایت کی کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے بھرپور مہم چلائی جائے، عام انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے کھویا گیا میدان دوبارہ جیتیں، حکومت اغوا کاروں سے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے لئے اقدامات کرے۔ اجلاس میں یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کو بازیاب نہ کرانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ زرداری کی زیرصدارت خیبر پی کے پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں کا اہم اجلاس ہوا جس میں وہاں بلدیاتی الیکشن کی تیاری اور ملکی صورتحال پر غور کیا گیا۔ زرداری نے ہنگو میں شہید ہونے والے اعتزاز حسن اور چودھری اسلم کی شہادت کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ سابق صدر نے کہا کہ اعتزاز نے جان پر کھیل کر دہشت گردی کے بڑے منصوبے کو ناکام بنایا اور سینکڑوں معصوم طالب علموں کی جان بچائی وہ قومی ہیرو ہیں۔ زرداری نے خیبر پی کے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے جمہوریت کی مضبوطی کیلئے عام انتخابات میں نتائج کو تسلیم کیا تھا۔ بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے لئے میدان خالی نہیں رکھیں گے۔
زرداری