• news

بحرانوں پر قابو پالیا جائیگا‘ قوم کو مایوس نہیں کریں گے: نثار

کلر سیداں (نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ مذاکرات میں سنجیدہ ہیں، ماضی میں امریکہ نے ڈرون حملہ کر کے طالبان سے مذاکرات کو دانستہ سبوتاژ کیا، بجلی گیس کے بحرانوں پر جلد قابو پالیں گے، جنرل مشرف اور پیپلزپارٹی کے دوراقتدار کی ناکامیوں کو درست کرنے میں وقت لگے گا۔ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ گیس بجلی، مہنگائی، بیروزگاری اور لاقانونیت کے بحران ہمیں ورثے میں ملے ہیں، ماضی میں بجلی گیس کے نئے منصوبوں کے بارے میں مجرمانہ غفلت برتی گئی۔ اگر ماضی کی حکومتیں ان مسائل کو حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتیں تو قوم کو آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ جنرل مشرف اور پیپلز پارٹی کے دوراقتدار میں اس جانب توجہ نہیں دی گئی، گیس کے بحران کا واحد حل درآمدی این ایل جی گیس ہے۔ توقع ہے کہ ایک سال کے اندر اندر گیس کے بحران پر قابو پالیں گے، ہمیں بہت سے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ہم گزشتہ حکومتوں کی نااہلی کو بہانہ یا جواز نہیں بنائیں گے، ہماری نیتیں درست ہیں اللہ تعالیٰ کی ذات ہماری مدد اور رہنمائی بھی کریگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں مہنگائی میں اضافہ ہوا، یہ اضافہ سفید پوش حضرات کیلئے بھی ناقابل برداشت ہے، آج سفید پوش لوگ دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں اور انہیں اپنا بھرم رکھنا مشکل ہورہا ہے، میں نوازشریف کو ان حالات سے باخبر رکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں طالبان ،بلوچستان اور کراچی میں امن و امان، مہنگائی، بیروزگاری، بجلی گیس کے بحرانوں کا سامنا ہے مسلم لیگ (ن) کی حکومت قوم کو مایوس نہیں کریگی، مسائل کے حل کیلئے حکومت دن رات کوشاں ہے ہم نے کراچی میں صوبائی حکومت کی مدد کی جس کی وجہ سے وہاں جرائم میں 40 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے طالبان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ہم نے تین ماہ کی مدت میں تنکا تنکا اکٹھا کر کے طالبان سے مذاکرات کو ممکن بنایا مگر امریکہ نے ڈرون حملہ کر کے ان مذاکرات کو دانستہ سبو تاژ کیا، ہم آج بھی طالبان سے مذاکرات کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی آپریشن مشکل کام نہیں مگر یہ ہماری پہلی ترجیح نہیں ہے، ہم مذاکرات کو اولیت دیتے ہیں اور اس کیلئے کوشاں بھی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن