بارکھان: ایم پی اے عبدالرحمان کھیتران گرفتار، نجی جیل پر چھاپہ، 12 مغوی برآمد
بارکھان: ایم پی اے عبدالرحمان کھیتران گرفتار، نجی جیل پر چھاپہ، 12 مغوی برآمد
بارکھان (نوائے وقت نیوز+نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران کو 3 پولیس اہلکاروں کے اغوا اور تشدد کے مقدمے میں بارکھان پولیس نے گرفتار کرلیا۔ گزشتہ روز سردار عبدالرحمان کھیتران، انکے بیٹے سمیت 10 افراد کیخلاف بارکھان تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ان کیخلاف کارِ سرکار میں مداخلت، پولیس اہلکاروں پر تشدد اور اسلحہ چھیننے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ سردار عبدالرحمان کھیتران نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود گرفتاری دی ہے اور یہ کہ ان پر مقدمہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے اور ان لوگوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے جو ضمنی انتخابات میں امیدوار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس نے ان کے گھر میں گھس کر چادر اور چاردیواری کی حدود پامال کی۔ دریں اثنا بارکھان پولیس اور اے ٹی ایف نے سردار عبدالرحمان کے گھر پر چھاپہ مار کر نجی جیل میں قید دو خواتین سمیت 12 افراد کو بازیاب کر لیا۔ ڈی آئی جی لورالائی عمران منہاس نے بتایا کہ گھر سے 6 اشتہاری ملزموں سمیت 20 افراد گرفتار کرکے 9 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں، دستی بم، راکٹ لانچر اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔ چھاپہ عبدالرحمان کھیتران کے بیٹے انعام اللہ اور دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے مارا گیا تھا ڈی آئی جی نے بتایا کہ عبدالرحمان کھیتران نے گھر کے باہر چوکیاں بنا رکھی تھیں جنہیں مسمار کردیا گیا۔
عبدالرحمن کھیتران