• news
  • image

برازیل میں 15لاکھ سے زیادہ مسلمان ہیں‘ مزید کا بھی خیرمقدم کرینگے: سفیر

برازیل میں 15لاکھ سے زیادہ مسلمان ہیں‘ مزید کا بھی خیرمقدم کرینگے: سفیر

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں برازیل کے سفیر الفریڈو لیونی نے کہا ہے کہ برازیل میں اسلام پھیل رہا ہے۔ اس وقت 15لاکھ سے زیادہ مسلمان برازیل میں رہتے ہیں۔ برازیل کے مسلمانوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اگر مزید مسلمان برازیل آنا چاہیں تو ان کا خیر مقدم کریں گے۔وقت نیوز کے پروگرام ”ایمبیسی روڈ“ میں انٹرویو دیتے ہوئے برازیل کے سفیر نے بتایاکہ برازیل کے تمام بڑے شہروں میں مساجد موجود ہیں۔ جہاں مسلمان عبادت کرتے ہیں۔ برازیل میں مسلمانوں کی اکثریت لبنان اور شام سے آکر آباد ہوئی ہے۔ دنیا کے دوسرے خطوں سے مسلمان آکر برازیل میں آباد ہوئے ہیں۔ برازیل کی مسلمان خواتین حجاب کے ساتھ سڑکوں پر گھومتی ہیں یہ ایک معمول کی بات ہے اس پر کوئی اعتراض نہیں کرتا۔ برازیل میں سب سے بڑی مسجد ساڈیابو میں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں پاکستان میں برازیل کے سفیر نے کہا ہے کہ حال ہی میں برازیل کے سفارت خانہ نے نسٹ یونیورسٹی کے تعاون سے ”برازیل میں اسلام“ کے نام سے ایک تصویری نمائش کا انعقاد کیا تھا جس میں پاکستانیوں نے گہری دلچسپی لی۔ پاکستان میں توانائی کے بحران میں خاتمے کے حوالے سے سوال کے جواب میں برازیل کے سفیر نے کہا کہ برازیل پن بجلی پیدا کرنے میں دنیا میں سب سے بڑا ڈیم برازیل میں ہے۔ برازیل پاکستان کو ڈیم بنانے میں مدد دے سکتا ہے پاکستان اور برازیل کے سرمایہ کار مشترکہ طور پر ڈیم بنا سکتے ہیں۔ تعلیمی تعاون کے بارے میں سوال کے جواب میں برازیل کے سفیر نے بتایا کہ برازیل پاکستانی طلبہ کو تعلیمی وظائف دے رہا ہے اس وقت ستر 70 پاکستانی طلبہ برازیل کے اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ برازیل میں تعلیم کے لئے پاکستانی طلبہ کو پرتگالی زبان سکھانے کے لئے اسلام آباد میں برازیل کے سفارت خانہ نے خصوصی کورسز شروع کئے ہیں۔
برازیلی سفیر

epaper

ای پیپر-دی نیشن