افغانستان : سائیکل سوار کا پولیس بس پر خودکش حملہ‘ دو ہلاک‘ ننگر ہار میں سلنڈر دھماکہ تین بچے مارے گئے
افغانستان : سائیکل سوار کا پولیس بس پر خودکش حملہ‘ دو ہلاک‘ ننگر ہار میں سلنڈر دھماکہ تین بچے مارے گئے
کابل(اے ایف پی + اے پی اے) افغانستان کے صوبے ننگر ہارمیں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 3 بچے اور سائیکل سوار کے بس پر خودکش حملے میں پولیس اہلکار اور راہگیر مارے گئے۔ غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سلنڈر دھماکہ شہر جلال آباد میں ہوا۔ دو زخمی بچوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے طالبان سائیکل سوار نے کابل میں پولیس بس کو نشانہ بنایا۔ 20 اہلکار اور راہگیر زخمی ہو گئے۔ بس پولیس ٹریننگ سکول سے نکلی تو بمبار نے نشانہ بنا ڈالا۔ اے پی پی کے مطابق دوسری جانب عینی شاہد احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے کے بعد 4 نعشیں پڑی ہوئی تھیں۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ننگرہار اور دیگر علاقوں میں بھی خودکش حملوں میں 30 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ دریں اثناءمغربی صوبہ ہرات میں شدید سردی سے نشے کے عادی 4 افراد ہلاک ہو گئے۔ صوبہ بادغیس میں نامعلوم افراد نے وزارت دیہی بحالی اور ترقی کے تین اہلکاروں کو اغواءکر لیا۔