تاخیر کا تاثر غلط ہے، پنجاب بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے تیار تھا: رانا ثنا
لاہور/ فیصل آباد (آئی این پی+ این این آئی) صوبائی بلدیات وقانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں پر چھ ماہ سے ایک سال تک کا وقت درکار ہے۔ بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے جانے کے باقاعدہ اعلان کے بعدکاغذات نامزدگی اور فیسیں جمع کرانیوالے امیدوار فکر میں پڑگئے۔ کئی ارکان اسمبلی نے ریٹرننگ افسروں کے دفاتر میں رابطے کر کے جمع شدہ فیس کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ الیکشن کمشن ذرائع کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدوار فکرمندنہ ہوں۔ رانا ثنا اللہ نے کہا عدلیہ کے ہر فیصلے پر عمل کریں گے۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے نئی حلقہ بندیوں کیلئے چھ ماہ سے ایک سال تک کا وقت درکار ہوگا۔ پنجاب حکومت صوبے میں بلدیاتی الیکشن کیلئے بالکل تیار تھی۔ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے بھر پور کوشش کی، یہ تاثر غلط ہے کہ پنجاب حکومت تاخیر چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن کو نئی حلقہ بندیاں کرنی ہیں جس کیلئے کم از کم 6 ماہ سے ایک سال کا وقت درکارہو گا۔ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر انتہائی سخت سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ رانا ثنا اللہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ کوئی بھی بات کرنے سے قبل سوچ لیا کریں۔ خیبر پی کے کی حکومت مسلم لیگ (ن)کے رہنما امیر مقام پر حملے کے ملزموں کی نشاندہی اور انہیں جلد پکڑنے کی کوشش کرے۔ طالبان کے جوگروہ مذاکرات چاہتے ہیں ان سے بات چیت ہوگی جو ریاست کو تسلیم نہیں کرتے ان کیخلاف ایکشن لیا جائیگا۔ پرویز مشرف کو سزادینے یا معاف کرنے کا اختیار عدالت کے پاس ہے جو بہتر ہو گا عدالت وہی فیصلہ کریگی۔