• news

بجلی اور گیس کا بحران جاری، لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج

لاہور (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں گذشتہ روز بھی بجلی اور گیس کا بحران جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور سراپا احتجاج بنے رہے۔ بجلی کی 10  سے 12 گھنٹوں تک کی لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے جبکہ کئی شہروں میں پانی کی بھی قلت رہی، گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے اور خواتین کو گھروں میں کھانا تیار کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر وزارت پانی و بجلی نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو آج عید میلاد النبیؐ کے موقع پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ننکانہ صاحب اور گردونواح میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا، شہر میں لوڈشیڈنگ کا 14 جبکہ دیہات میں 16 گھنٹے سے بھی تجاوز کر جانے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے اور وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ننکانہ صاحب میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فی الفور ختم نہ کیا گیا تو عوام احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرنے پر مجبور ہونگے۔ علاوہ ازیں وزارت پانی وبجلی نے ڈسٹری بیوشنزکمپنیوں کو آج (منگل) عید میلاد النبیؐ کے روزلوڈشیڈنگ نہ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، تاہم شہریوںنے آج کے روز کسی بھی صورتحال سے بچنے کیلئے متبادل انتظامات بھی کر لئے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر وزارت پانی وبجلی نے آج جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پرلوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حوالے سے بجلی کی تمام تقسیم کمپنیوںکے ذمہ داران کو مراسلے کے ذرایعے احکامات جاری کردئیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے تاکہ اس دن کی مناسبت سے عبادات اور دیگر پروگراموں میں خلل نہ آئے۔ علاوہ ازیں سوموارکے روز بھی بجلی اورگیس کی لوڈشیڈنگ اپنے معمول کے مطابق جاری رہی تاہم اس میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ گزشتہ روز مختلف شہری علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے تاہم دیہی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن