غازی آباد: کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے ڈاکٹر کو 10 لاکھ بھتے کے خطوط موصول، نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج
لاہور (سٹاف رپورٹر) غازی آباد کے علاقے میں سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹر شبیر انور کو مبینہ طور پر کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے دس لاکھ روپے بھتہ دینے کا خط موصول ہوا ہے۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایس ایچ او راجہ مزمل کے مطابق ملزمان کی نشاندہی کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر شبیر انور کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے اسے کمپیوٹرائزڈ خط موصول ہوا۔ خط میں مبینہ طور پر کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے دس لاکھ روپے کا بھتہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلا خط 11 جنوری جبکہ دوسرا 12 جنوری کو ملا۔ دوسری جانب تھانہ غازی آباد میں نامعلوم افراد کے خلاف بھتہ مانگنے اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تاہم ملزمان کی نشاندہی نہیں ہوسکی۔