پشاور: اے این پی کے رہنما کی نماز جنازہ سے قبل بم دھماکہ، سپیشل برانچ اہلکار سمیت 3 زخمی
پشاور (آئی این پی) پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر ماشوخیل میں نامعلوم افراد نے اے این پی کے رہنما میاں مشتاق کی نماز جنازہ سے قبل جنازگاہ کے قریب دھماکہ کردیا جس سے سپیشل برانچ کے اہلکار سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوئے۔ نامعلوم افراد نے پولیس موبائل وین کو نشانہ بناتے ہو ئے جنازگاہ کے قریب بارودی مواد نصب کر دیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں پولیس گاڑی میں موجود سپیشل برانچ کا اہلکار آفتاب عالم اور دو راہگیر شدید زخمی ہوئے۔ گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا زخمیوں کوفوری طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکہ اس وقت ہوا کہ جب پولیس اہلکار گاڑی کو جنازگاہ میں چیکنگ گیٹ لارہے تھے۔ کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لا ئی گئی، نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ بڈھ بیر میں مقد مہ درج کر لیا گیا ہے۔ دریں اثناءپشاور میں بم ڈسپوزل سکواڈ نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے طیارہ شکن میزائل ناکارہ بنا دیا۔ یہ میزائل بجری کے نیچے چھپایا گیا تھا۔ دریں اثناءمیاں مشتاق پر حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ موٹر سائیکل پر سوار تین ملزموں نے فائرنگ کی۔ تمام گولیاں گاڑی کے فرنٹ پر ماری گئیں۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آور تربیت یافتہ ٹارگٹ کلر لگتے ہیں۔