اسوہ رسولؐ پر چل کر ہی ہماری دنیا اور آخرت سنور سکتی ہے: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسوہ رسولﷺ ہی وہ راستہ ہے جس پر چلنے سے ہماری دنیا اور آخرت دنوں سنور سکتی ہیں۔ تعلیمات نبویؐ رواداری، برداشت اور باہمی احترام کا تقاضا کرتی ہیں۔ فرقہ واریت، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قومی اتحاد و اتفاق سب سے کار گر ہتھیار ہیں۔ خلق خدا کی بھلائی اور خدمت مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا مرکز و محور ہے۔ حکمرانوں اور سیاستدانوں کا دامن ہر قسم کی کرپشن، اقربا پروری اور بددیانتی سے پاک ہونا چاہئے۔ انہیں عوام کے لئے نیکی اور اچھائی کا نمونہ بننا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز الحمراء ہال میں میلاد مصطفیؐ کے حوالے سے منعقدہ سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیر اہتمام کانفرنس سے ملک بھر سے جید علمائے کرام کے علاوہ صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور میاں عطا محمد مانیکا نے بھی شرکت کی۔ حمزہ شہباز شریف نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمات نبویؐ پر عملدرآمد کی جس قدر ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ ہمارے پیارے نبیؐ کی ساری زندگی مخلوق خدا کی خدمت، برداشت، رواداری، حسن اخلاق اور رحمت کا نمونہ تھی۔ ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم نبیؐ پاک کی تعلیمات کا ذکر تو بہت کرتے ہیں مگر عمل سے کتراتے ہیں۔ یہی رویہ ہمارے مسائل اور ناکامیوں کی بنیادی وجہ ہے۔ ہماری پارٹی قیادت ہر قسم کی سیاست سے بالاتر ہو کر ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ دوسروں کا احساس کرنا اور ان کے دکھ درد میں شرکت سب سے بڑی نیکی ہے اور ہماری حکومت بجاطور پر ایمانداری، دیانتداری اور وسائل پر عوام کے حق کو اپنی گڈ گورننس کی بنیاد سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بڑے سے بڑے حکومتی عہدیدار کی بجائے اپنے آپ کو نبی پاکؐ کا ادنیٰ غلام کہلوانے میں زیادہ فخر محسوس کرتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور غلام محمد مانیکا نے کہا کہ ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا مسئلہ نبی پاکؐ کی تعلیمات پر عمل سے گریز ہے۔ ہمیں بحیثیت مسلمان وسیع القلب ہونا چاہئے۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ آج دلوں پر حکمرانی کرسی پر بیٹھ کر نہیں بلکہ عوام کے دل جیت کر کی جا سکتی ہے، اللہ جسے عزت دے اسے کوئی نہیں چھین سکتا، مسلم لیگ (ن) کی قیادت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ قوم کے سامنے مسائل کے پہاڑ کھڑے ہیں مگر جب نیت ٹھیک ہو تو مسائل خودبخود ختم ہو جائیں گے، حکمرانوں اور عوام کا براہ راست رابطہ استوار نہ ہو گا ترقی کی راہ میں رکاوٹیں رہیں گی۔ اگر ہم قرآن و حدیث کو محض پڑھتے رہیں گے اور اسوہ حسنہ سے کچھ سبق حاصل نہ کریں گے تو دنیا اور آخرت دونوں جہانوں میں نا کامی اور ذلت ہمارا مقدر ہو گی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میاں عطاء محمد مانیکا نے کہا کہ موجودہ حکومت درست سمت میں اپنی ذمہ دایاں نبھا رہی ہے۔